Home / جاگو کھیل / انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے تعصبانہ رویے پر بھارت سے بات چیت معطل کردی

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے تعصبانہ رویے پر بھارت سے بات چیت معطل کردی

سوئٹزرلینڈ: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی) نے پاکستانی نشانہ بازوں کو ویزا جاری نہ کرنے پر بھارت میں مستقبل کے ایونٹس کی میزبانی پر ہونے والی بات چیت معطل کردی۔

آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ نے بین الاقوامی فیڈریشنز سے بھی بھارت کو ایونٹس کی میزبانی نہ دینے کا کہہ دیا اور کہا ہے کہ جب تک بھارت کھیلوں میں تعصب کا خاتمہ اور اولمپک چارٹر کی پابندی یقینی نہیں بناتا ایونٹس کی میزبانی نہ دی جائے۔

پاکستانی نشانہ باز جی ایم بشیر اور خلیل احمد نے 2020 میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے لیے بھارت میں منعقدہ کوالیفائر میچز میں حصہ لینے کے لیے ویزا کے لیے اپلائی کیا تھا تاہم پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی نشانہ بازوں کو ویزا جاری نہیں کیے۔

آئی او سی کا کہنا ہے کہ بھارت کو مستقبل میں اولمپکس سے متعلق کسی بھی کھیل کے انتظامات کی اجازت اُس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک بھارتی حکومت بلاتفریق انعقاد کی تحریری طور پر یقین دہانی نہ کرادے۔

آئی او سی نے بھارت میں ہونے والے شوٹنگ ورلڈ کپ کے 25 میٹر ریپڈ فائر ایونٹ کا اولمپک کوالیفائر کا درجہ بھی دستبردار کردیا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے فیصلہ کیا کہ مستقبل میں بھارت میں اولمپک مقابلوں کے انعقاد کے لیے بھارت کو دیے جانے والے این او سی سے متعلق بات چیت اس وقت تک معطل رہے گی جب تک بھارتی حکومت تعصب سے پاک برتاؤ کے اولمپکس قوانین پر عملدرآمد نہ کرے۔

آئی او سی نے انٹرنیشنل فیڈریشن سے سفارش بھی کی کہ بھارت میں اُس وقت تک اولمپکس مقابلوں کا انعقاد نہ کیا جائے جب تک وہ مذکورہ شرائط پر پورا نہ اترے۔

Check Also

پاکستان کے دو اسکواش پلیئرز سامان نہ پہنچنے پر آئرلینڈ میں پریشان

پاکستان کے ٹاپ اسکواش پلیئرز عاصم خان اور نور زمان دو ٹورنامنٹس کھیلنے کیلئے آئرلینڈ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *