Home / جاگو پاکستان / بلاول اور پی پی کا اصل مسئلہ جعلی اکاؤنٹس کیخلاف کارروائی ہے: فواد چوہدری

بلاول اور پی پی کا اصل مسئلہ جعلی اکاؤنٹس کیخلاف کارروائی ہے: فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ان کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا اصل مسئلہ جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو بھارتی رویے کے خلاف ٹرین مارچ کرنا چاہیے، ابو بچاؤ مہم تو ابھی بہت دیر تک چلے گی جس کے بعد انہیں ابو نکالو مہم چلانی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم کم از کم کچھ دیر کیلئے نوکری ہی کرلیں کیوں کہ ابو کے پیسوں پر سیاست کرنا مناسب نہيں اور نیب کے خلاف سیاسی مہم جوئی کا کوئی جواز نہیں بنتا، یپلزپارٹی یا بلاول صاحب کا اصل مسئلہ جعلی اکاونٹس کےخلاف کارروائی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کو اسلام سے زیادہ اسلام آباد کی فکر ہے، فواد چوہدری

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صاحب اور خورشید شاہ صاحب بھی دکھی لگتے ہیں، مولانا فضل الرحمان 88 کے بعد اقتدار سے پہلی بار محروم ہوئے ہیں اور اب ان سے ہاتھ ملائیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اسلام سے زیادہ اسلام آباد کی فکر ہے، ان کا دکھ سب سے زیادہ ہے اور ان کے بغیر پارلیمنٹ میں برکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب نے شاید دیکھا نہیں خورشید شاہ کتنے بڑے دہشت گردوں سے ملتے رہے ہیں، یہ کہنا ٹھیک نہیں کہ نیشنل ایکشن پلان (نیپ) پر صحیح طور پر عمل نہیں ہوا کیوں کہ نیپ کی اصل روح حکومت کی رٹ قائم کرنا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان یا خورشید شاہ کے کارنامے سب کی نظر میں ہیں، اور ان دونوں کو معلوم ہے کہ ان کے باری بھی آنیوالی ہے۔

’وزیراعظم عمران خان کو دنیا میں مسلم امہ کے نمائندے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے‘

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے قرضے نہیں لئے، اسے پچھلے قرضے ادا کرنا پڑ رہے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ ملک میں بہتری آرہی ہے اور کرپشن میں خاطر خواہ کمی نظر آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی کرپشن میں کمی واضح نظر آرہی ہے، ملکی اداروں میں بھی بہتری نظر آرہی ہے کیوں کہ حکومت جامع منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت ملک کو استحکام کی طرف لے کر جانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو دنیا میں مسلم امہ کے نمائندے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، ہم امریکہ، مغربی دنیا اور مسلم ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سندھ سے مبینہ لاپتہ 2 ہندو لڑکیوں سے متعلق کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، جرائم ہوتے ہیں لیکن دیکھنا ہوتا ہے کہ ان پر ریاست کا کیا ردعمل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرخارجہ نے پاکستان میں ہندو لڑکیوں کے اغواء پر تشویش کا اظہار کیا لیکن کیا ہی اچھا ہو بھارتی وزیرخارجہ بھارت میں اقلیتوں کی حالت پر بھی ایسی تشویش کا اظہار کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ کہ بھارتی گجرات میں سینکڑوں مسلمانوں کو شہید کیا گیا، اس وقت بھارت میں کس کی حکومت تھی، آج بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کےساتھ کیا ہو رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم اپنی اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، نئے پاکستان میں ہر مذہب، رنگ اور نسل کے لوگ مساوی حقوق رکھتے ہیں۔

Check Also

کراچی: جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے سی سی ٹی وی سامنے آگئی

کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کو …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *