Home / جاگو کھیل / ریٹائرمنٹ کے حوالے سے شعیب ملک کے ارادے بدلنے لگے

ریٹائرمنٹ کے حوالے سے شعیب ملک کے ارادے بدلنے لگے

لاہور: 

 ریٹائرمنٹ کے حوالے سے شعیب ملک کاارادہ ڈانواڈول ہونے لگا، ان کا کہنا ہے کہ فی الحال توجہ حالیہ میچز پر مرکوز اورکیریئر کے بارے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وقت کی صورتحال دیکھ کرفیصلہ کروں گا۔

شعیب ملک رواں سال شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا کئی بار اعلان کر چکے، البتہ اب ان کا ارادہ تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے، گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ابھی ریٹائرمنٹ کا نہیں سوچ رہا، میگا ایونٹ کے بعد ہی کیریئر کے بارے میں غور کروں گا، فی الحال بنگلادیش کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی پر توجہ مرکوز ہے، میں بطور سینئر ٹیم کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔

شعیب ملک نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ پر نوجوان کرکٹرز کا حق ہے، ان کو طویل عرصے ملک کی نمائندگی کرنا ہے، حالیہ سیریز کے ہی صرف 5 زیر معاہدہ پلیئرز کے انتخاب میں کوئی مسئلہ نہیں، سلیکٹرز نوجوانوں کو مواقع دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں ہوم سیریز میں ساتھی کرکٹرز کے ساتھ نوجوان کپتان کی صلاحیتیں نکھارنے کی ذمہ داری بھی نبھاؤں گا،میںکسی کی پسند ناپسند کا نہیں اپنی کارکردگی کے بارے میں سوچتا ہوں، بولنگ میں بھی ٹیم کے کام آسکتا ہوں،فٹ رہنے کیلیے ٹریننگ کا سلسلہ کبھی نہیں چھوڑتا۔

شعیب ملک نے کہا کہ بنگلادیش کی ایک مضبوط ٹیم میدان میں اترے گی، میں نے بی پی ایل میں میزبان نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی دیکھی، چند سینئرز بھی اسکواڈ میں شامل ہیں، حریف کو کسی طور بھی کمزور خیال نہیں کیا جا سکتا۔

انھوں نے کہا گذشتہ چند سال میں پاکستان کی ون ڈے اور ٹیسٹ میں کارکردگی اچھی نہیں رہی، ٹی ٹوئنٹی میں ہم نمبر ون ہیں، اس کے باوجود اپنی خامیوں پر نظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو تحریک دلاتے رہنا ضروری ہے۔ نوجوان کرکٹرز کو مسلسل مواقع ملنے سے مستقبل میں بھی نئے بابر اعظم ملیں گے،انھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کھیلنے سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں، میں اور محمد حفیظ ہمیشہ نوجوان کرکٹرز کی مدد کرتے رہے، اس کیلیے کپتان ہونا ضروری نہیں۔

شعیب نے کہا کہ بنگلادیش سمیت غیر ملکی کرکٹرز پاکستان میں سیکیورٹی کے بارے میں پوچھتے رہے ہیں، اکثریت آنے کو تیار تھی، یہاں سیکیورٹی اور شاندار ماحول دیکھ کر دیگر بھی آئندہ ٹور پر آمادہ ہوں گے۔

Check Also

نیشنل ویمن فٹ بال چیمپئن شپ ملتوی

نیشنل ویمن فٹ بال چیمپئن شپ ملتوی کردی گئی۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *