Home / جاگو پاکستان / لورالائی: ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشتگردوں کا حملہ، 9 اہلکار شہید

لورالائی: ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشتگردوں کا حملہ، 9 اہلکار شہید

کوئٹہ: لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر میں حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید  اور 21 افراد زخمی ہوگئے جبکہ فورسز کی فائرنگ سے 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ لورالائی میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کے دفتر پر حملہ تین سے چار دہشت گردوں نے کیا۔ ایک نے گیٹ پر ہی خود کو اڑا لیا، 2 دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب ڈی آئی جی کے دفتر میں پولیس میں بھرتیوں کے لیے انٹرویو جاری تھے، واقعے کے بعد علاقے میں پولیس سمیت دیگر فورسز کے اہلکاروں کی نفری طلب کرلی گئی جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

ڈی آئی جی نثار احمد خان سمیت 15 افسران و اہلکاروں کو بحفاظت دفتر سے نکال لیا گیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لورالائی ڈاکٹر فہیم کاکڑ کے مطابق لورالائی میں ڈی آئی جی کے دفترپر حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے، پولیس اہلکاروں کی میتیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردی گئیں۔

ایم ایس کے مطابق حملےمیں 21افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے بیشتر کا تعلق محکمہ پولیس سے ہے، تمام زخمیوں کو ابتدائی طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال لایا گیا تاہم بعد میں زخمیوں میں سے دو کو سی ایم ایچ لورالائی اور تین کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ ایک زخمی کو ملتان منتقل کردیا گیا۔

باقی زخمی افراد لورالائی اسپتال میں زیر علاج ہیں  جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے کلیرنس آپریشن میں 2 خودکش بمبار ہلاک، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ڈی آئی جی کمپلیکس لورالائی کو کلیئر کرالیا اور آپریشن کے دوران تمام دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پولیس میں بھرتی کیلئے 800 کے قریب امیدوار کمپاؤنڈ میں موجود تھے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تین خودکش بمباروں نے دوپہر کو ڈی آئی جی آفس کمپاؤنڈ میں داخلے کی کوشش کی لیکن ڈیوٹی پر موجود پولیس نے ایک خودکش بمبار کو ڈی آئی جی کمپلیکس کے داخلے پر ہی نشانہ بنایا، اس دوران خود کش بمبار نے اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر2 دہشتگردوں نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21 زخمی ہوئے جب کہ شہداء میں پولیس کے 5 سول ملازم اور ایک امیدوار بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ زخمیوں میں 12 پولیس اہلکار اور بھرتی کیلئے آئے 9 امیدوار بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے کلیرنس آپریشن کے دوران باقی 2 خودکش بمباروں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں زخمیوں کو فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

Check Also

پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے کا خواہاں ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن پسند قوم کی حیثیت سے پاکستان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *