Home / جاگو دنیا / میئر استنبول کے دوبارہ انتخابات میں ترک صدر اردوان کے امیدوار کو پھر شکست

میئر استنبول کے دوبارہ انتخابات میں ترک صدر اردوان کے امیدوار کو پھر شکست

استنبول: میئر استنبول کے دوبارہ انتخابات میں صدر طیب اردوان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیولیپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) کے امیدوار کو اپوزیشن کے امیدوار نے شکست دے دی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ووٹوں کی گنتی تقریباً مکمل ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں اپوزیشن جماعت کے امیدوار اکرم امام اوغلو 7 لاکھ 75 ہزار ووٹ لے کر آگے ہیں اور انہوں نے گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 13 ہزار ووٹ زیادہ لیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 99 فیصد ووٹوں کی گنتی میں اپوزیشن کے امیداور امام اوغلو کو 54 فیصد اور اے کے پارٹی کے امیدوار اور ترکی کے سابق وزیراعظم بینالی یلدرم کو 45 فیصد ووٹ ملے، اس طرح استنبول پر اے کے پارٹی کی 25 سالہ حکمرانی کا سورج غروب ہوگیا۔

اے کے پارٹی کے امیدوار بینالی یلدرم نے نتائج تسلیم کرتے ہوئے شکست قبول کرلی ہے جب کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں اپوزیشن امیدوار امام اوغلو کو مبارکباد دی ہے۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں اردوان کا کہنا تھا کہ استنبول میں جو بھی جیتا وہ ترکی کی جیت ہوگی۔

انتخابات میں فتح کے بعد وکٹری اسپیچ میں اپوزیشن جماعت ری پبلیکن پیپلز پارٹی کے اکرم امام اوغلو نے کہا کہ انتخابات کا نتیجہ استنبول اور ترکی میں ایک نیا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم استنبول میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں جس پر انصاف، برابری اور محبت ہوگی۔

امام اوغلو نے طیب اردوان کے ساتھ کام کرنے کی رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر پریزیڈنٹ میں آپ کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں۔

واضح رہےکہ رواں برس مارچ میں استنبول میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں حکمراں جماعت طیب ارداون کے امیدوار کو شکست ہوئی تھی جس کے بعد اے کے پارٹی نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا جس کے باعث انتخابات کو کالعدم قرار دیا گیا تھا

Check Also

کینیا کے آرمی چیف ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

کینیا میں ملٹری ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں آرمی چیف، جنرل فرانسس اوگولا سمیت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *