Home / جاگو دنیا / ٹرمپ کا میکسیکو سرحد پر دیوار بنانے پر اصرار، مفاہمت کی سیاست پر زور

ٹرمپ کا میکسیکو سرحد پر دیوار بنانے پر اصرار، مفاہمت کی سیاست پر زور

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسکو کی سرحد پر دیوار بنانے کے لیے پھر سے مذاکرات شروع کرنے پر اصرار کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو ‘اتحاد اور مفاہمت’ کا مشورہ دیا ہے کہ وہ جمود توڑیں اور امریکا کی عظمت کو حاصل کریں۔

امریکی کانگریس سے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘میں ہر صورت میکسیکو کی سرحد پر دیوار بناؤں گا’۔

ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ‘بیرون ملک دشمنوں کو ناکام بنانے کے لیے امریکیوں کو اپنے ملک میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا’۔

‘دنیا میں کوئی بھی امریکا کا مقابلہ نہیں کرسکتا’

اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ نے باور کروایا کہ ان کے دو سالہ اقتدار میں معیشت نے بے مثال ترقی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا، ‘امریکا ہر دن ہر جگہ فتح یاب ہو رہا ہے، امریکی معیشت دنیا کی بہتر معیشت اور امریکی فوج دنیا کی طاقتور فوج ہے، دنیا میں کوئی بھی امریکا کا مقابلہ نہیں کرسکتا’۔

ٹرمپ کے بقول ‘دنیا کی تیزی سے فروغ پاتی معیشت کا بھی ہم سے مقابلہ نہیں، بے روزگاری 50 سال کے دوران کم ترین شرح پر آچکی ہے، ٹیکس میں کمی کی وجہ سے کمپنیاں امریکا میں کاروبار کے لیے آ رہی ہیں اور امریکا تیل و گیس کی پیداوار کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے’۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال میں مسائل کے حل کے لیے انہوں نے انتھک جدوجہد کی اور دو سال میں اُن مسائل کے حل پر بھی کام کیا جو دہائی سے دونوں جماعتوں کے ارکان نے نظر انداز کیے۔

امریکی صدر کے مطابق مختصر مدت میں انہوں نے اتنی قانون سازی کی، جتنی کسی دوسری انتظامیہ نے پوری مدت میں نہیں کی۔

اتحاد و مفاہمت کا مشورہ

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘ملک کو ایک بحرانی صورت حال درپیش ہے جس سے نبرد آزما ہونے کی فوری ضرورت ہے اور وقت آگیا ہے کہ سیاسی سوچ سے بالا تر ہوکر، اتحاد اور تعاون کی بنیاد پر ملکی مفاد میں قانون سازی کی جائے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘فضول جنگیں، بیہودہ سیاست اور جانب دارانہ تحقیقات امریکا کی معاشی ترقی کا عمل روک سکتی ہیں، لہذا ہمیں مشترکہ مفاد کے لیے انتقام کی سیاست کو ترک کرکے مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا چاہے’۔

میرا ایجنڈا، امریکا کا ایجنڈا

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘امریکی قوم کی نظریں اس وقت کانگریس کی طرف ہیں اور ہم کانگریس کے ساتھ مل کر امریکی عوام کے لیے کام کرنے پر تیار ہیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا، ‘میرا ایجنڈا کسی پارٹی کا نہیں امریکا کا ایجنڈا ہے’۔

افغان جنگ

اپنے خطاب کے دوران امریکی صدر نے افغان جنگ کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا ‘اب ہم اس قابل ہوگئے ہیں کہ افغانستان مسئلے کا حل تلاش کریں’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘عظیم قومیں نہ ختم ہونے والی جنگیں نہیں لڑتیں’۔

Check Also

کینیا کے آرمی چیف ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

کینیا میں ملٹری ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں آرمی چیف، جنرل فرانسس اوگولا سمیت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *