Home / جاگو پاکستان / کیماڑی واقعہ: ہلاکتیں 9 ہوگئیں، متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کو شادی ہالز منتقل کرنے کی ہدایت

کیماڑی واقعہ: ہلاکتیں 9 ہوگئیں، متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کو شادی ہالز منتقل کرنے کی ہدایت

کراچی: کیماڑی میں زہریلی گیس سے متاثرہ ایک اور خاتون انتقال کرگئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ علاقوں کو خالی کراکے رہائشیوں کو شادی ہالز منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

انتقال کرنے والی خاتون 35 سالہ زیب النساء کیماڑی کی رہائشی تھیں جو نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں، انہیں گزشتہ رات ہی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

دو روز قبل کیماڑی میں پھیلنے والی پر اسرار زہریلی گیس کے اخراج سے مجموعی طور پر اب تک متاثرین کی تعداد 234 ہوچکی ہے۔

جیکسن تھانے کے ایس ایچ او ملک عادل کے مطابق گزشتہ روز کی پانچ ہلاکتوں سمیت زہریلی اورپراسرار گیس سے متاثر ہوکر مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

کیماڑی کے علاقے مسان روڈ، ریلوے کالونی، جیکسن بازار اور ملحقہ آبادی میں پراسرار گیس سے متاثر ہونے کا سلسلہ اتوار کی شام 6 بجے شروع ہوا تھا اور درمیانی شب تک 100سے زائد متاثرہ افراد کو مختلف اسپتالوں مین منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

گزشتہ روز بھی صورتحال معمول پر رہی لیکن شام ڈھلتے ہی جان لیوا گیس کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا اور اب کراچی بندرگاہ کے دوسری طرف کے علاقے کھارادر، میٹھادر، لیاری اور دیگر آبادیوں سے بھی متاثرہ افراد اسپتال پہنچنے لگے ہیں۔

500 افراد اسپتال لائے گئے: سیمی جمالی

جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کیماڑی اور اطراف کے علاقوں میں گیس سے متاثر تقریباً 500 افراد کو اسپتال لایا گیا، جیکسن کیماڑی سے جو لوگ لائے گئے ان میں بچے بھی شامل تھے۔

وزیراعلیٰ کا اسپتالوں کا دورہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے  کیماڑی میں پراسرار گیس پھیلنے سے  متاثر ہونے والے افراد کی خیریت دریافت کرنے کے لیے نجی اور سرکاری اسپتال کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سب سے پہلے کے پی ٹی اسپتال کا دورہ کیا جہاں متاثرہ افراد کی عیادت اور علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور اسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اسپتال انتظامیہ نے  وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا کہ کے  پی ٹی اسپتال میں 70مریضوں کو لایا گیا تھا جن میں 40 مریض پرائیویٹ اور 30 کے پی ٹی کے ملازم ہیں، اسپتال کے آئی سی یو میں 10مریض تشویشناک حالت میں موجود ہیں جب کہ کچھ مریضوں کو طبی امداد کے بعد روانہ کردیا گیا اور کچھ مریضوں کو جناح منتقل کیا گیا ہے۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ سندھ جناح اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے متاثرہ مریضوں اور ان کے ورثا سے بھی ملاقات کی۔

 مریضوں کےتمام ضروری ٹیسٹ کیے جائیں: مراد علی شاہ

مراد علی شاہ نے  ضیاء الدین اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں 123 مریضوں کو لایا گیا جب کہ سول اسپتال میں بھی 10 متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خاص ہدایت کی کہ مریضوں کےتمام ضروری ٹیسٹ کیے جائیں، اگر مریضوں کو کہیں اورمنتقل کرنا ہو تو امن ایمبولنس کی سروس فراہم کریں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مریضوں کی حالت بہتر ہے، جن مریضوں کا ضیاءالدین اسپتال میں علاج نہیں ہو رہا انہیں جناح و سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ادھر ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کیماڑی کی صورتحال کے مدنظر مراد علی شاہ نے آج ہونے والے صوبائی کابینہ اجلاس کو بھی ملتوی کردیا جو اب کل ہوگا۔

رات گئے خصوصی اجلاس

گزشتہ روز رات گئے اس معاملے پر وزیراعلی سندھ نے اجلاس طلب کیا جس  میں چیف سیکرٰٹری، کمشنرکراچی، سیکرٹری صحت اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے فضا میں بدبو کم نہیں ہو رہی، ہوا کا معیارچیک کروا کر زہریلی گیس کی وجہ جاننا ضروری ہے۔

کمشنر کراچی نے بتایاکہ پورٹ پر جہاز سےگیس سویابین یا کوئی اور چیز نکالنے پربدبو پھیلتی ہے، کنٹینرکا دروازہ بند کرنے سے بدبو کم ہو جاتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کنٹینر میں جو کچھ بھی ہےچیک کرایا جائے، اس پر کمشنر نے جواب دیا کہ کنٹینر سے آف لوڈنگ بند کرادی ہے۔

متاثرہ علاقوں سے عوام کو شادی ہالوں میں شفٹ کیا جائے: مراد علی شاہ

دوران اجلاس مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ ریلوے کالونی سے لوگوں کا انخلاء کرنا ہوگا اس کے لیے شہرکے تمام شادی ہال خالی کروائے جائیں اور  متاثرہ علاقوں سے عوام کو شادی ہالوں میں شفٹ کیا جائے۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کورکمانڈر کراچی سے رابطہ کیا اور بتایا کہ  گیس اور ائیر کوالٹی کی چیکنگ سےمتعلق پاک فوج بھرپور مدد کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کیماڑی میں پھیلنے والی پر اسرار زہریلی گیس کے اخراج سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوچکی ہے جب کہ مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 234 ہوچکی ہے، تاحال واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Check Also

بدین: 2 نوعمر لڑکوں کا گینگ ریپ، پولیس اہلکار اور سیاستدان کیخلاف مقدمات درج

سندھ کے ضلع بدین میں نویں جماعت کے 2 نو عمر لڑکوں کو گینگ ریپ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *