Home / جاگو دنیا / 17سالہ نوجوان تنہا دنیا کا سفر کرنے والا کم عمر فرد بن گیا

17سالہ نوجوان تنہا دنیا کا سفر کرنے والا کم عمر فرد بن گیا

برطانوی نژاد بیلجیئم کے نوجوان 5 ماہ تک دنیا بھر میں تنہا سفر کرنے کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر شخص بن گئے ہیں جہاں 5 ماہ کے دوران انہوں نے مون سون بارشوں اور شدید گرمی جیسے سخت حالات کا سامنا کیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 23 مارچ کو شارک ایرو مائیکرو لائٹ طیارے میں روانہ ہونے کے بعد 17 سالہ میک ردرفورڈ نے 54ہزار 124کلومیٹر پرواز کی اور 30سے زیادہ ممالک کا دورہ کرنے کے بعد بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے قریب ہوائی اڈے پر لینڈ کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ کہ ’سفرکے دوران بہت سے ایسے لمحات آئے جہاں آسانی سے ہار مانی جاسکتی تھی، یہاں تک کہ ایسا محسوس ہوا کہ یہ سفر انجام تک نہیں پہنچےگا لیکن میں نے ہار نہیں مانی، اس سفر کے دوران انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے دو ریکارڈ بھی توڑ دیے جن میں سے ایک ریکارڈ ان کی 19سالہ بہن زارا نے قائم کیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سفر میں میری امید سے زیادہ وقت لگا لیکن یہ سفر بہت دلچسپ تھا اور اسے مکمل کر کے مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

ردرفورڈ کے سفری اجازت نامے میں تاخیر کی وجہ سے انہیں اپنا راستہ تبدیل کر کے افریقہ، مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا، شمالی امریکا اور پھر یورپ جانا پڑا۔

ان کا پسندیدہ فلائی اوور صحرائے عرب سے لے کر گرین لینڈ اور آئس لینڈ تھےلیکن یہ سفر ان کے لیے ایک چیلنج تھا جہاں خراب موسمی حالات میں جاپان سے امریکا کا مسلسل 10گھنٹے کا سفر کرنا تھا۔

اس کے علاوہ سوڈان میں شدید گرمی کے باعث سولر پینل سسٹم گر گیا، بھارت میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے پانی فیول ٹینک میں داخل ہو گیا جس سے ان کے طیارے اور کچھ دستاویزات کو بھی نقصان پہنچا۔

ردرفورڈ نےاکیلے دنیا کے سب سے بڑے سفر کے اعزاز سے ٹریوس لڈلو کو محروم کردیا جنہوں نے گزشتہ سال 18 برس کی عمر میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

ردرفورڈ مائیکرو لائٹ طیارے پر دنیا بھر میں پرواز کرنے والے سب سے کم عمر شخص بھی بن گئے ہیں، یہ اعزاز اس سے قبل ان کی بہن زارا کے پاس تھا جنہوں نے رواں سال جنوری میں اپنا سفر مکمل کیا تھا۔

فی الحال وہ کوئی نیا ریکارڈ بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے بلکہ اسکول واپس جا کر اپنی پڑھائی مکمل کریں گے۔

ردرفورڈ نے 2020 میں پائلٹ کا لائسنس اس وقت حاصل کیا تھا جب وہ اپنے والد کے ساتھ 15 برس کی عمر میں تربیت حاصل کررہے تھے، وہ امید کرتے ہیں کہ ان کا 5 ماہ کا سفر نوجوانوں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی ترغیب دے گا۔

Check Also

ایرانی سفارتخانے پر حملہ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی تھی، ترک صدر

 اردوان نے کہا ہے کہ دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر حملہ کرکے اسرائیل نے عالمی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *