Home / جاگو دنیا / سعودی عرب: بس ڈرائیورز کے لیے نئے قوانین

سعودی عرب: بس ڈرائیورز کے لیے نئے قوانین

ریاض: سعودی عرب میں بس ڈرائیورز کے لیے ڈیوٹی اوقات کے نئے قوانین متعین کیے گئے ہیں جن کا اطلاق آج سے ہوگا۔

اردو نیوز کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بس ڈرائیوروں کے لیے ڈیوٹی کے اوقات متعین کرنے کا قانون آج بروز اتوار سے نافذ کیا جا رہا ہے۔

ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عوامی بسوں کے ڈرائیورز کے لیے ڈرائیونگ کا دورانیہ مخصوص کر دیا ہے جس پرعمل کرنا ضروری ہے

ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بس کمپنیاں اس امر کی پابند ہوں گی کہ وہ ایک ڈرائیورسے 24 گھنٹے کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ بس ڈرائیو نہیں کروا سکتیں۔

ڈرائیونگ کے لیے مخصوص 9 گھنٹے میں ایک گھنٹے کا مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے تاہم ڈرائیونگ کے لیے 10 گھنٹے کا دورانیہ ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 2 بار ہی متعین کیا جا سکتا ہے۔

ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بسوں کے ڈرائیورز کے لیے زیادہ سے زیادہ ہفتہ وار کام کا دورانیہ 56 گھنٹے مخصوص ہیں جو 14 دنوں میں 90 گھنٹے سے زیادہ نہ ہوں۔

بسوں کے ڈرائیورز کے لیے آرام کے دورانیہ کے حوالے سے قانونی نکات میں کہا گیا ہے کہ مستقل ساڑھے 4 گھنٹے کی ڈرائیونگ پر ڈرائیور کو 45 منٹ آرام کرنا ہوگا جبکہ 24 گھنٹے بس چلانے پر 11 گھنٹے آرام کے لیے مخصوص ہوں گے۔

ہفتہ وار آرام کا دورانیہ 45 گھنٹے ہوگا جو کہ 6 دن کام کے بعد ڈرائیور کو دیا جائے گا۔

ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور ڈرائیوروں کو آرام کرنے کا دورانیہ فراہم کیا جائے۔

Check Also

چین کی بڑھتی فوجی طاقت، جاپان و فلپائن کے دفاعی معاہدے پر دستخط

خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے خدشات کے باعث جاپان اور فلپائن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *