Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / کینسر سے انتقال کرنیوالی اسماء نبیل کی پرانی ویڈیو وائرل

کینسر سے انتقال کرنیوالی اسماء نبیل کی پرانی ویڈیو وائرل

معروف ڈرامہ خانی کی مصنفہ اسماء نبیل کی دو روز قبل کراچی میں وفات ہوئی جس پر شوبز کے کئی فنکاروں نے دکھ کا اظہار کیا۔

بطور مصنفہ، پروڈیوسر، شاعرہ اور کریٹو کنسلٹنٹ اپنے فرائض سرانجام دینے والی اسماء نبیل میں 2013 میں 34 سال کی عمر میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

ڈرامہ رائٹر کے انٹرویو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے خود کی جنگ اور دوسروں کو ہدایت کرتے ہوئے بہت سی باتوں کا تذکرہ کیا تھا۔

اسماء نبیل کا کہنا تھا کہ 7 سال قبل پہلی مرتبہ جب مجھے پتا چلا کہ کینسر ہے تو لگا زندگی رک سی گئی ہے، ضروری نہیں زندگی میں کوئی بھی صدمہ فوری آئے اور ایک دم اثر کرے، بعض اوقات آہستہ آہستہ بھی کوئی چیز آپ پر اثر انداز ہوتی ہے اور میرے ساتھ یہ ہی ہوا ہے۔

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ علاج کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ کلمے پڑھ لیے تھے، لگ رہا تھا کہ اب میں مزید نہیں رہوں گی لیکن ہر صدمہ یا تو آپ کو کمزور کردیتا ہے یا بہت زیادہ مضبوط، میں شکرگزار ہوں کہ اس کے بعد میں کافی مضبوط ہوکر دوبارہ کھڑی ہوئی۔

اسماء کا کہنا تھا کہ بیماری کے دوران لوگ آپ کو پیار دینے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں لیکن دنیا کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بیچارگی کی نظریں انسان کو کمزور بنادیتی ہیں، وہ انجانے میں اس شخص کی ہمت توڑ رہے ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ میں نے اپنے دماغ سے چوتھے اسٹیج کا لفظ مٹادیا، میں نے کہا کہ نہیں بس اب اٹھنا ہے، سانس جب تک چل رہی ہے میں کیسے ہمت ہاروں، بے شک بیماری ایک بہت بڑا صدمہ ہے اور وہ بھی بریسٹ کینسر جیسی بیماری۔

مصنفہ نے کہا کہ میں اتنی پڑھی لکھی تھی پھر بھی جب کینسر کی رپورٹ میرے ہاتھ میں آئی تو میں بالکل ایسے ہوگئی تھی جیسے کچھ سمجھ ہی نہیں آرہا ہو، ایسی بیماری کے دوران ذہنی اور جذباتی طور پر بریک ڈاؤن آتے ہیں مجھے بھی آئے، مجھے بیٹھے بیٹھے ایسے ٹھنڈے پسینے آنا شروع ہوجاتے ہیں جیسے کوئی دیکھے تو لگے اسے دل کا دورہ پڑ رہا ہے۔

ویڈیو میں اسماء نبیل کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں صحت سے متعلق کوئی آگاہی فراہم نہیں کی جاتی۔

انہوں نے اپنی جیسی تمام خواتین سے اپیل کی تھی کہ جو بھی میری جیسی خواتین اس مرض سے لڑ رہی ہیں وہ دیگر عورتوں کو آگاہی فراہم کرنے کا ذریعہ بن جائیں اور ان کی مدد کریں۔

Check Also

پرینیتی چوپڑا کے شوہر راگھو چڈھا کے بینائی سے محروم ہونے کا خدشہ

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے شوہر اور بھارتی سیاسی رہنما راگھو چڈھا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *