Home / جاگو بزنس / 70 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری: اسٹاک ایکسچینج میں 733 پوائنٹس اضافے سے 65 ہزار کی حد بحال

70 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری: اسٹاک ایکسچینج میں 733 پوائنٹس اضافے سے 65 ہزار کی حد بحال

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنے کی منظوری کے ایک روز بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 733 پوائنٹس اضافے کے بعد 65 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ہے۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 10 بج کر 32 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 733 پوائنٹس یا 1.13 فیصد اضافے کے بعد 65 ہزار 350 تک جا پہنچا، جو گزشتہ روز 64 ہزار 617 پر بند ہوا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 697 پوائنٹس اضافے کے بعد 64 ہزار 617 پر پہنچ گیا تھا۔

میٹس گلوبل نے بتایا تھا کہ انڈیکس میں تیزی کے رجحان کی وجہ آج عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہونا ہے، جو پاکستان کے لیے موجودہ قرض پروگرام کے تحت 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کے اجرا کی حتمی منظوری پرغور کر ے گا۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے گزشتہ تین روز کے دوران انڈیکس میں منفی رجحان دیکھا گیا، 8 جنوری بروز پیر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 277.87 پوائنٹس کی گرواٹ دیکھی گئی تھی، اسی طرح 9 جنوری کو انڈیکس میں 66 جبکہ گزشتہ روز 250.73 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز (5 جنوری) سینیٹ اجلاس میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور ہونے کے فوری بعد پاکستان اسٹاک ایکسیچنج مثبت کے بعد منفی میں تبدیلی ہوگئی تھی اور انڈیکس 800 سے زائد پوائنٹس گر گیا تھا۔

تاہم مارکیٹ کے بند ہونے تک انڈیکس میں کچھ بہتری آگئی اور وہ 124 پوائنٹس یا 0.19 فیصد کمی کے ساتھ 64 ہزار 515 کی سطح پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 2023 پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے اچھا سال ثابت ہوا، جس کے آغاز کے ساتھ اختتام بھی مثبت رجحان پر ختم ہوا تھا۔

2 جنوری 2023 بروز پیر کے ایس ای-100 انڈیکس 40 ہزار 420 پوائنٹس پر تھا، جو کاروبار کے اختتام تک 395.45 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 815 پر پہنچ گیا تھا۔

سال 2023 کے آخری کاروباری روز انڈیکس 62 ہزار 451 کی سطح پر بند ہوا تھا، اس طرح گزشتہ برس بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 22 ہزار 31 پوائنٹس یا 54.50 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

جبکہ سال 2022 پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے دباؤ سے بھرپورسال ثابت ہوا تھا، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 2021 کے مقابلے میں 9.4 فیصد کمی کے بعد 40 ہزار 420 پوائنٹس کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا تھا۔

Check Also

حکومت کو اس وقت تک ڈھیل ہے جب تک پی ٹی آئی، فضل الرحمٰن اکٹھے نہیں ہوتے، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کو اس وقت تک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *