Home / جاگو کھیل / میری والدہ مجھے گراؤنڈ میں سجدہ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی تھیں: اسامہ میر

میری والدہ مجھے گراؤنڈ میں سجدہ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی تھیں: اسامہ میر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کی فرنچائز ملتان سلطانز کے اسپنر اسامہ میر بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے نقشِ قدم پر، ٹورنامنٹ کے 14ویں میچ میں اپنی شاندار پرفارمنس کا سہرا اپنی والدہ کے سر سجا دیا۔

گزشتہ روز ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اسامہ میر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 40 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

میچ کے بعد انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے اپنی بہترین پرفارمنس کا سہرا اپنی والدہ کے سر سجا دیا اور کہا کہ ’شروع میں تھوڑا نروس تھا لیکن امی کی طرف دیکھا تو حوصلہ ملا کہ دعائیں تو ساتھ ہیں۔ میری والدہ آج پہلی بار مجھے لائیو کھیلتے ہوئے دیکھنے آئی تھیں، وہ مجھے گراؤنڈ میں سجدہ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی تھیں۔ یہ ان کی دعائیں ہی تھیں کہ میں نے 6 وکٹیں لے لیں اور ان کی خواہش پوری ہوگئی‘۔

اس شاندار پرفارمنس کے بعد اسامہ میر پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے بہترین بولنگ کروانے والے اسپنر بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ان سے قبل یہ ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس تھا، انہوں نے 2018 میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے 7 رنز دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پی ایس ایل میں بہترین بولنگ کروانے کا ریکارڈ فاسٹ بالر روی بوپارا کا ہے، انہوں نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کے خلاف 16 رنز دے کر 6 وکٹیں لی تھیں۔

ان کے علاوہ فاسٹ بالر فہیم اشرف اور عمر گل بھی 6، 6 وکٹیں لے کر اس فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

Check Also

نوواک جوکووچ فرنچ اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ پیرس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *