Home / جاگو کھیل / مالی سال 2018-19 پاکستان کرکٹ بورڈ کو 6 ارب روپے کی آمدن

مالی سال 2018-19 پاکستان کرکٹ بورڈ کو 6 ارب روپے کی آمدن

لاہور: 

 مالی سال 2018-19 میں پی سی بی کو 6ارپ روپے آمدن ہوئی،آئی سی سی، پی ایس ایل، آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ سیریز سے حاصل شدہ ریونیو نمایاں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 57واں اجلاس 4 فروری بروز منگل کوپشاور میں منعقد ہوا، اس موقع پر فنانشل اسٹیٹمنٹ برائے2018-19 بھی منظور کرلی گئی جس کے مطابق بورڈ کو 6 ارب روپے آمدن ہوئی، اس ریونیو میں نمایاں حصہ آئی سی سی، پی ایس ایل، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سیریزسے حاصل ہونے والی آمدن کا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ مالی سال کے دوران کرکٹ سے جڑی سرگرمیوں پر زیادہ مگر انتظامی امور پر کم اخراجات کئے گئے۔ ارکان نے بنگلادیشی بورڈ کو پاکستان میں 2 ٹیسٹ، 1 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلیے آمادہ کرنے پر پی سی بی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیوکو سراہا۔

بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے اس سیریز کے تناظر میں آگاہ کیا کہ بی سی بی نے میڈیا رائٹس پارٹنر کے ساتھ تنازع کو افہام و تفہیم سے حل کرتے ہوئے سیریز سے 3.75 ملین امریکی ڈالر کی آمدن حاصل ہوئی۔

چیئرمین پی سی بی نے اجلاس میں واضح کیا کہ بنگلادیش کے خلاف سیریز کی تصدیق محض ایک ہفتے قبل ہونے کے باوجود انھوں نے میڈیا رائٹس پارٹنر کو حالیہ سیریزکی کوریج پر رضامندکیا تاہم محدود وقت کے باعث کمرشل ٹائم کی فروخت میں مناسب وقت نہ ملنے سے متعلق میڈیا رائٹس پارٹنر کے موقف پررضامندی ظاہر کی۔ لہٰذارائٹس فی3.75ملین امریکی ڈالر مقرر ہوئی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ بنگلادیش کے خلاف سیریز کو ممکن بنانے کیلیے بورڈ کی کاوش کو سراہنے پر بی اوجی کے مشکور ہیں، ایک مشکل صورتحال سے منافع بخش حالات میسر کرنا منیجمنٹ کی کامیابی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ اگر پی سی بی میڈیا رائٹس پارٹنر سے متعلق تنازع حل کرنے میں کامیاب نہ ہوتا تو یقیناً یہ سیریز بھی منعقد نہ ہوتی اور ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی بھی مشکل کا شکار ہوجاتی۔

سی او او سلمان نصیر کی تعیناتی پر مہر تصدیق ثبت

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے بیرسٹر سلمان نصیر کی بطورچیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے، چیئرمین احسان مانی نے بی او جی کے 2 اراکین، اسد علی خان اور شاہ ریز عبداللہ خان ،کے ہمراہ ایک ریکروٹمنٹ عمل کے بعد بی او جی کو یہ نام تجویز کیا تھا، گزشتہ روز پشاور میں منعقدہ بورڈ آف گورنرز اجلاس میں اس پر مہر تصدیق ثبت کردی گئی۔

بیرسٹر سلمان نصیر 22 نومبر 2019 سے اسی عہدے پر عبوری ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، انھوں نے ستمبر 2011 میں پی سی بی کو جوائن کیا تھا، وہ سٹی لا اسکول اور لنکنز ان لندن سے بار ایٹ لاء ہیں، پی سی بی میں ملازمت کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور ملازمین کیلیے کوڈ، قوانین اور پالیسیاں بناچکے ہیں۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ جب غیرملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کررہی ہیں ایسے موقع پریہ عہدہ سنبھالنا میرے کیلیے اعزاز ہے، مثبت انداز میں کام کروں گے تاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بہترین ادارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکوں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہاکہ وہ سی او او کے عہدے پر تعیناتی پر بیرسٹر سلمان نصیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ سلمان نصیر پی سی بی میں کام کرنے والے نوجوانوں میں سب سے متحرک ہیں جنھوں نے عبوری دور میں بھی اس عہدے پربہترین انداز میں ذمہ داریاں نبھائیں۔

سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ۔ نئے ماڈل کی منظوری دے دی گئی

گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کرکٹ ایسوسی ایشنز اور پی سی بی کے آئین 2019 میں چند تبدیلیاں کرکے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کیلیے ماڈل آئین کی منظوری دیدی گئی ہے،اس کے مطابق جنرل باڈی صدر، نائب صدراور سیکریٹری سمیت تمام فل ممبر کلبز کے صدور پر مشتمل ہوگی۔

منیجمنٹ کمیٹی میں منتخب کردہ صدر، جنرل باڈی سے 3 اراکین، پی سی بی نامزدگی کمیٹی کی جانب سے مقررکردہ 2 آزاد اراکین، پرنسپل اسپانسر کا ایک نمائندہ شامل ہوں گے، تمام اراکین کے عہدے معیاد 3 سال مقرر کی گئی ہے، آرٹیکل 24 کے تحت پرنسپل اسپانسر کی تعیناتی ایک شفاف بڈنگ عمل کے تحت ہوگی، اس عہدے کی معیاد ایک سال مقرر کی گئی ہے۔

ماڈل آئین کی منظوری کے بعد اب سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو چلانے کے لیے پی سی بی کی جانب سے عبوری کمیٹیوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ماڈل آئین کے اہم نکات ’’ایکسپریس‘‘ نے پیر کو شائع کردیے تھے، یہ خبر اسپورٹس رپورٹر عباس رضا نے فائل کی تھی۔

غیرملکی لیگز : کرکٹرز کیلیے نئی این اوسی پالیسی متعارف کرادی گئی

غیر ملکی لیگز کیلیے کرکٹرز کے این او سی کی نئی پالیسی متعارف کروادی گئی، بورڈ آف گورنرز کے گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے اجلاس میں میں غیرملکی لیگز میں شرکت کیلیے نئی این او سی پالیسی کی بھی منظوری دیدی گئی ہے، اس کے تحت سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز پی ایس ایل کے علاوہ زیادہ سے زیادہ 3 غیر ملکی لیگز کیلیے پی سی بی کو این او سی کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

کھلاڑیوں کو اجازت دیتے ہوئے ورک لوڈ اور فٹنس کو پیش نظر رکھا جائے گا، کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے کی گئی این اوسی کی درخواست کی حتمی منظوری پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسردیں گے، جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

Check Also

یورو کپ میں انگلینڈ کی سلواکیہ کے خلاف ڈرامائی جیت

یورو کپ 2024 میں انگلینڈ کی ٹیم سلواکیہ کے خلاف ڈرامائی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *