لاہور:
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم میں واپسی میرے لئے سر پرائز نہیں ہے، میں ٹیم کو مس کررہاتھا واپسی پر خوشی ہوئی ہے، بولنگ کی کمی محسوس کروں گا، بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے لئے تیار ہوں، پاکستان کے لئے بطور بیٹسمین کھیلا ہوں اور بولنگ کی اضافی صلاحیت ٹیم کے کام آتی رہی ہے،کوشش ہوگی کہ بطور بولر بھی ایکشن میں نظر آؤں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میرا پلان ہے کہ فٹنس اور فارم کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلوں اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجاؤں، میں کبھی مایوس نہیں بلکہ ہمیشہ پر امید رہتا ہوں اور مثبت سوچتا ہوں، اس سوچ کے ساتھ ٹیم میں آیا ہوں،میری کوشش ہوگی کہ جو اعتماد کیا گیا ہے اس پرپورا اتروں۔