Home / تازہ ترین خبر / 10 سال سے معطل کویت کے ویزے جلد بحال ہوجائیں گے، وزیر داخلہ

10 سال سے معطل کویت کے ویزے جلد بحال ہوجائیں گے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا ہے کہ 2011 سے بند کویت کے پاکستان کے لیے ویزے جلد بحال ہو جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویزوں کے بحال ہونے سے لوگوں کو روزگار ملنے کے علاوہ ویزے کی پابندی کے اثرات کم ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایمرجنسی سفری دستاویزات چاہیے تو 24 گھنٹے میں ہم ان کے سفری دستاویزات قانون کے مطابق جاری کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ محکموں میں جو لوگ لمبے عرصے سے بیٹھے ہیں ان سب کو تبدیل کرنے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘7 سے 8 روز میں یہ فیصلے لاگو ہوجائیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ 192 ممالک کے لیے ویزا آن لائن کردیا گیا ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہوسکے، پاسپورٹ کی مدت بڑھا کر 10 سال کردی گئی ہے تاکہ جو مزدور کام کے لیے باہر جاتے تھے انہیں دھکے نہ کھانا پڑیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نئے افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر میرٹ پر بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان کو اپوزیشن گرا نہیں سکتی، انہوں نے الیکشن اور سینیٹ سب لڑ کر دیکھ لیا ہے’۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کورونا کی وجہ سے ملاکنڈ اور دیگر جگہ پر جلسوں کو منسوخ کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم نے 8 ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکج پیش کیا ہے اور انہوں نے تمام وزرا کو ہدایت کی ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر کارکردگی دکھائیں’۔

انہوں نے کہا کہ 10، 12 بارہ ضروری اشیا کی قیمتوں پر ہمارا کنٹرول کرنا لازمی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ‘اپوزیشن جو خزانہ ہمارے لیے چھوڑ کر گئی حکومت اس میں ہی دو ڈیم بنانے جارہی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے میں ہم ان کے سفری دستاویزات قانون کے مطابق جاری کرسکتے ہیں۔

نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسی کام میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، نواز شریف نے خود اپنے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کرائی، ہم اسے شارٹ نوٹس پر جاری کرنے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مسلم لیگ (ن) میں دو سیاسی گروپس ہیں اور وہ ان کے خاندان میں ہی موجود ہیں بے شک وہ اقرار کریں یا انکار کریں’۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی فیصلہ کیا ہے، آصف زرداری تاش چھاتی سے لگا کر کھیلتے ہیں اور انہوں نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے مشین ایبل انتخابات اور اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ کے لیے کام کرنے کو کہا ہے اور جلد پاکستانی پاسپورٹ کو ای ٹکٹنگ پر لے کر جائیں گے۔

قطر کے دورے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا پیغام لے کر قطر گیا تھا، ان سے ایل این جی کا معاہدہ ہوا ہے، وہاں لیبرز کی گنجائش ہے اس حوالے سے بات ہوئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے کبھی رابطہ نہیں رہا، قمر الزمان کائرہ، آصف سعید کھوسہ دوست ہیں اور بلاول بھی دوست ہیں۔

Check Also

حکومت کو اس وقت تک ڈھیل ہے جب تک پی ٹی آئی، فضل الرحمٰن اکٹھے نہیں ہوتے، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کو اس وقت تک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *