Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / شہزادہ ہیری زندگی کے تلخ واقعات پر کتاب لکھنے میں مصروف

شہزادہ ہیری زندگی کے تلخ واقعات پر کتاب لکھنے میں مصروف

مارچ 2020 میں شاہی حیثیت سےدستبردار ہوکر عام افراد کی طرح زندگی گزارنے والے شہزادہ ہیری نے تصدیق کی ہے کہ وہ زندگی کے ’تلخ‘ واقعات اور تجربات سامنے لانے کے لیے کتاب لکھنے میں مصروف ہیں۔

شہزادہ ہیری نے شاہی زندگی اور وہاں کی مصروفیات سے تنگ آکر گزشتہ برس مارچ شاہی حیثیت سے دستبرداری اختیار کی تھی، جس کے بعد وہ ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق شہزادہ ہیری نے 20 جولائی کو جاری بیان میں تصدیق کی کہ وہ اب تک کے تلخ واقعات، تجربات، نہ بھلائی جانے والی یادوں اور مسائل کو سامنے لانے کے لیے ایک کتاب لکھ رہے ہیں۔

شہزادہ ہیری نے بیان میں تصدیق کی کہ وہ مذکورہ کتاب ایک شہزادے کے حیثیت یا شاہی خاندان کے فرد ہونے کے ناتے نہیں لکھ رہے بلکہ وہ ایک عام شخص کے طور پر مذکورہ کتاب لکھ رہے ہیں۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے مارچ 2020 میں شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے مارچ 2020 میں شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

انہوں نے بتایا کہ وہ کتاب میں اب تک کی زندگی میں کی جانے والی غلطیوں، مشکلات اور مسائل پر کھل کر بات کریں گے، تاکہ لوگ سمجھ سکیں گے کہ ایک ذمہ دار شخص کی زندگی کتنی مشکل ہوتی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کتاب بہت سارے افراد کی سوچ اور زندگی کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کتاب لکھنے کا موقع فراہم کرنے پر پبلشر رینڈم ہاؤس کا بھی شکریہ ادا کیا۔

رینڈم ہاؤس نے بھی اپنے بیان میں تصدیق کی کہ شہزادہ ہیری ایک ایسی کتاب لکھنے میں مصروف ہیں جو ان کے دل کے بہت قریب ہے، جس میں لوگ ان کی زندگی کی کئی باتیں پڑھ سکیں گے۔

پبلشنگ ہاؤس نے امید ظاہر کی کہ شہزادہ ہیری 2022 کے آخر تک اپنی کتاب مکمل کرلیں گے، جس کے بعد کتاب کو شائع کرکے قارئین تک پہنچایا جائے گا۔

ممکنہ طور پر آئندہ سال کے اختتام تک شہزادہ ہیری کی کتاب شائع ہوگی فائل—فوٹو: اے پی
ممکنہ طور پر آئندہ سال کے اختتام تک شہزادہ ہیری کی کتاب شائع ہوگی فائل—فوٹو: اے پی

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ شہزادہ ہیری کی جانب سے لکھی جانے والی کتاب کا نام کیا رکھا جائے گا اور کیا کتاب لکھنے میں کوئی اور لکھاری ان کی مدد کر رہے ہیں یا نہیں؟

عام طور پر معروف شخصیات اور شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے لکھی جانے والی کتابوں میں دوسرے لکھاری اور صحافی ان کی مدد کرتے ہیں۔

شہزادہ ہیری نے کتاب لکھے جانے کی تصدیق ایک ایسے وقت میں کی ہے جب کہ انہوں نے حال ہی میں اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ نیٹ فلیکس کے لیے اینیمیٹڈ فلم بنانے کی تصدیق کی تھی۔

اس سے قبل دونوں میاں و بیوی نے نیٹ فلیکس کے ساتھ فلمیں اور ڈاکیومینٹریز بنانے کا معاہدہ بھی کیا تھا جب کہ دونوں نے میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ کے ساتھ بھی پوڈ کاسٹ شو کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔

شاہی حیثیت سے دستبرداری کے بعد جہاں شہزادہ ہیری نے امریکا کے ایک فلاحی ادارے میں ملازمت اختیار کر رکھی ہے، وہیں انہوں نے اپنا الگ مقام بنانے کے لیے فلمیں، ویب سیریز اور پوڈ کاسٹ بنانے کا کام بھی شروع کردیا ہے جب کہ وہ پہلے سے ہی کچھ فلاحی ادارے چلا رہے تھے۔

خیال کیا جا رہا کہ شہزادہ ہیری کتاب میں اپنے بچپن، 1997 میں والدہ لیڈی ڈیانا کی کار حادثے میں ہلاکت، والدہ اور والد شہزادہ چارلس کے درمیان کشیدہ تعلقات، اپنی شادی، شاہی خاندان سے اپنے تعلقات، بھائی شہزادہ ولیم سے اپنی تلخیوں سمیت بطور رائل نیوی اہلکار زندگی گزارنے کے تجربات پر بات کریں گے۔

شاہی حیثیت سے دستبرداری کے بعد دونوں امریکا میں مقیم ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

Check Also

عاطف اسلم ملیالم فلموں میں انٹری دینے کیلئے تیار

پاکستان میوزک انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ گلوکار و اداکار عاطف اسلم اردو، ہندی اور …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *