Home / جاگو دنیا / شام: امریکی اسپیشل فورسز کی کارروائی، بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق

شام: امریکی اسپیشل فورسز کی کارروائی، بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق

شام کے شمال مغربی علاقے ادلب میں امریکا کی اسپیشل فورسز کی غیر معمولی فضائی کارروائی میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی اسپیشل فورسز نے شام کے شمال مغربی علاقے میں غیر معمولی فضائی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جس کو واشنگٹن نے کامیاب کارروائی قرار دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ادلب میں امریکی فورسز کی جانب سے 2019 کے بعد اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کارروائی کی گئی ہے، جب داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو ہلاک کیا گیا تھا۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

ادلب کے علاقے اطمہ میں تازہ کارروائی تقریباً 2 گھنٹوں تک جاری رہی اور فوری طور پر مکمل کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عینی شاہدین اور سوشل میڈیا میں زیرگردش ناموں سے لگتا ہے کہ امریکی کارروائی کا مقصد داعش کے دہشت گردوں کو نشانہ بنانا نہیں تھا بلکہ ان کے حریف گروہ ’القاعدہ‘ کو ہدف بنانا تھا۔

واشنگٹن سے جاری بیان میں مذکورہ کارروائی کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور بتایا گیا کہ تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

امریکی ترجمان جان کربی نے بیان میں کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے زیر کنٹرول امریکی اسپیشل فورسز نے انسداد دہشت گردی مشن کے تحت شام کے شمال مغربی علاقے میں ایک کارروائی کی۔

انہوں نے وضاحت کیے بغیر بتایا کہ مشن کامیاب رہا اور امریکی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

شامی انسانی حقوق تنظیم نے بتایا کہ کارروائی میں مارے گئے 13 افراد میں 7 عام شہری بھی شامل تھے اور انہوں نے امریکی فورسز کا ہیلی کاپٹر کو اطمہ کے قریب لینڈ کرتے ہوئے دیکھا تھا۔

ادارے کے سربراہ رامی عبدالرحمٰن نے بتایا کہ کارروائی میں 13 افراد مارے گئے ہیں، ان میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔

اے ایف پی کے رپورٹر نے امریکی اسپیشل فورسز کا نشانہ بننے والے گھروں کا معائنہ بھی کیا جو اطمہ کے مضافات میں واقع تھے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ ہیلی کاپٹر کی آواز سن کر اٹھے اور اس کے بعد دھماکے کی آواز سنائی دی اور پھر ہم نے زوردار دھماکے کی آواز سنی۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

شام میں خانہ جنگی کے دوران معذور ہونے والے شہری نے مزید بتایا کہ امریکی اسپیشل فورسز نے شہریوں سے کہا کہ وہ پریشان مت ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی فورسز نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اپنے اعلان میں کہا کہ ہم آپ کو دہشت گردوں سے بچانے کے لیے صرف اس مکان کی طرف آرہے ہیں۔

عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق شام میں 2011 میں حکومت کے خلاف مظاہروں سے شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ایک اندازے کے مطابق 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے اور بہت سے لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں۔

Check Also

چین کی بڑھتی فوجی طاقت، جاپان و فلپائن کے دفاعی معاہدے پر دستخط

خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے خدشات کے باعث جاپان اور فلپائن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *