Home / جاگو دنیا / بھارت: حجاب پرپابندی کا تنازع اترپردیش بھی پہنچ گیا

بھارت: حجاب پرپابندی کا تنازع اترپردیش بھی پہنچ گیا

جنوبی بھارتی ریاست میں طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی کا تنازع اب بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش تک پہنچ گیا ہے جہاں نوجوانوں کے ایک گروپ نے ایک کالج میں سر ڈھانپنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق حکام نے گزشتہ ہفتے بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں کالجز کو بند کر دیا تھا کیونکہ ایک نئی یونیفارم پالیسی نے طلبہ کو کلاس رومز میں ہیڈ اسکارف پہننے سے روک دیا تھا، جس کے نتیجے میں مسلمان طلبہ نے احتجاج کیا اور ہندو طلبہ کے جوابی مظاہرے ہوئے۔

مسلمانوں نے اس پابندی کو ایک ایسی برادری کو دیوار سے لگانے کی ایک اور کوشش کے مترادف قرار دیا ہے جو ہندو اکثریتی ملک بھارت کی ایک ارب 30 کروڑ آبادی کا تقریباً 13 فیصد ہے۔

ملک کے شمال میں اور نئی دہلی کی سرحد سے متصل اتر پردیش میں 2 درجن سے زائد نوجوانوں کا ایک گروپ علی گڑھ ضلع کے دھرما سماج کالج پہنچا اور اس کے حکام کو ایک میمورنڈم سونپا جس میں کالج کے احاطے میں حجاب پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کالج کے چیف پراکٹر مکیش بھردواج نے کہا کہ ان نوجوانوں نے اپنے گلے میں زعفرانی دوپٹے ڈالے ہوئے تھے جو عام طور پر ہندو پہنتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان لوگوں کو نہیں پہچانتے، فی الحال کلاس رومز کے اندر مذہبی لباس کی اجازت نہیں ہے لیکن کیمپس میں کہیں اور پہنا جاسکتا ہے۔

مکیش بھردواج نے فون پر ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ 2 سال قبل بھی یہی مسئلہ اٹھا تھا اور اب اسے دوبارہ اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قسم کی مذہبی لباس کی اجازت نہیں دیتے اور ہر ایک کے لیے یونیفارم کا سول کوڈ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لڑکیوں کے لیے ایک چینجنگ روم ہے اور وہ کلاس میں جانے سے پہلے وہاں اپنا لباس تبدیل کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

اتر پردیش کی آبادی تقریباً برازیل کے برابر ہے جہاں پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے ہندو پنڈت یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت ہے، یہاں دو مراحل پر مشتمل انتخابات جاری ہیں جو اگلے ماہ مکمل ہوں گے۔

ریاست میں ہندو ۔ مسلم تنازعات کو اکثر سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

کرناٹک میں حجاب کا تنازع پہلے ہی عدالت پہنچ چکا ہے، کلاس روم میں حجاب کی اجازت ہونی چاہیے یا نہیں اس پر منگل کو دوبارہ سماعت ہوگی۔

Check Also

چین کی بڑھتی فوجی طاقت، جاپان و فلپائن کے دفاعی معاہدے پر دستخط

خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے خدشات کے باعث جاپان اور فلپائن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *