Breaking News
Home / جاگو دنیا / بھارت: یوگی کے مشورے پر ترقی پانے والا اسٹاک ایکسچینج ایگزیکٹو گرفتار

بھارت: یوگی کے مشورے پر ترقی پانے والا اسٹاک ایکسچینج ایگزیکٹو گرفتار

ہمالیہ کے یوگی کے مشورے پر بھارتی اسٹاک ایکسچینج کے سابق اعلیٰ ترین ایگزیکٹو کے عہدے پر ترقی پانے والے بھارتی شہری کو کارپوریٹ اسکینڈل میں گرفتار کر لیا گیا۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آنند سبرامنین کو 2015 میں اس وقت کی چیف ایگزیکٹو آفیسر چترا رام کرشنا نے نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا چیف آپریٹنگ افسر مقرر کیا تھا اور مشہور کاروباری خاتون مبینہ طور پر اپنے کاروبار کے حوالے سے یوگی سے مشورے لیتی ہیں۔

مارکیٹ میں ہیرا پھیری کے الزامات سامنے آنے کے بعد خاتون سربراہ نے 2016 میں استعفیٰ دے دیا تھا اور اس ماہ انضباطی اداروں کی جانب سے جاری کردہ 190 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں یہ تفصیلات سامنے آئیں کہ انہوں نے اپنے روحانی یوگی سے کس طرح حساس معلومات شیئر کیں۔

ان کی زیر نگرانی کام کرنے والے آنند سبرامنین کو جمعرات کی رات کو انضباطی اداروں کی تحقیقات کے سلسلے میں چنئی میں حکام نے حراست میں لیا تھا۔

سی بی آئی کے ایک سینئر افسر نے اے ایف پی کو تصدیق کی کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی ایک ٹیم نے آنند سبرامنین کو کل رات گئے ان کے چنئی کے گھر سے گرفتار کیا۔

59 سالہ چترا رام کرشنا سے گزشتہ ہفتے تفتیش کاروں نے 12 گھنٹے تک تفتیش کی تھی لیکن انہیں اب تک حراست میں نہیں لیا گیا۔

اس میں حیران کن بات یہ ہے کہ سی بی آئی حکام کا خیال ہے کہ یوگی یا تو سبرامنین خود ہیں یا تو وہ چترا رام کرشنا کو بے وقوف بنا رہے ہیں یا پھر اس اسکینڈل میں ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

رام کرشنا نے تفتیشی اداروں کو بتایا کہ یوگی اپنی مرضی سے خود سامنے آئیں گے اور ان کے پاس اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں کہ وہ کہاں موجود ہیں، اسی لیے انہوں نے مجھے ایک ای میل آئی ڈی تھی جس پر میں انہیں اپنی درخواستیں بھیج سکتی تھی۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کے افراد اکثر نجومیوں اور روحانی پیشواؤں سے مشورہ کرتے ہیں اور 1.4 ارب کی انتہائی مذہبی قوم میں کاروباری دنیا کے افراد بھی اکثر اسی طرح کی توہمات کا شکار نظر آتے ہیں۔

چترا رام کرشنا نے 2013 میں سبرامنین کی خدمات حاصل کیں اور بعد میں انہیں بے انتہا تنخواہ پر چیف آپریٹنگ افسر کے عہدے پر ترقی دے دی حالانکہ ان کے پاس اس شعبے سے متعلق کوئی تجربہ نہیں تھا اور پھر چترانے 2016 میں بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آنے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

تفتیش کاروں نے الزام عائد کیا ہے کہ بروکرز کو دنیا کے سب سے بڑے ایکسچینجز میں سے ایک تک ترجیحی رسائی دی گئی۔

تحقیقات میں سامنے آنے والی ای میلز سے پتہ چلتا ہے کہ یوگی کی مجوزہ ملاقاتیں سیشلز میں ہوئیں جو سنگاپور اور ماریشس سمیت متعدد ٹیکس پناہ گاہوں میں سے ایک ہے جہاں تفتیش کار ممکنہ ٹیکس چوری کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سبرامنین اور چترا رام کرشنا کے لیے اسٹاک ایکسچینج میں ایک خصوصی لفٹ مختص کی گئی تھی اور ایک خصوصی ٹیم کا کام اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ان کے ٹوائلٹ میں علیحدہ تولیے اور صابن کے ڈسپنسر ہوں۔

حکام نے دونوں سابق ایگزیکٹوز کے بھارت سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

 

Check Also

بنگلادیش: مظاہروں میں کمی کے بعد ٹیلی کمیونیکیشن سروسز جزوی طور پر بحال

بنگلادیش میں مظاہروں میں کمی کے بعد ٹیلی کمیونیکیشن سروسز جزوی طور پر بحال ہوگئیں۔ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *