Home / جاگو کھیل / وارم اپ میچ؛ سری لنکن بچے بھی پاکستانی بولرز کو آنکھیں دکھانے لگے

وارم اپ میچ؛ سری لنکن بچے بھی پاکستانی بولرز کو آنکھیں دکھانے لگے

لاہور: وارم اپ میچ میں سری لنکن بچے بھی پاکستانی بولرز کو آنکھیں دکھانے لگے، سری لنکا کرکٹ الیون نے 5وکٹ پر 278رنز جوڑ لیے۔

کولمبو کے کولٹس کلب گرائونڈ میں کھیلے جانے والے ٹور کے واحد وارم اپ میچ میں گزشتہ روز پاکستانی بولرز کی آزمائش ہوئی ،پاکستان کے 323رنز کے جواب میں سری لنکا کرکٹ الیون نے خلاف توقع مزاحمت کرتے ہوئے آسانی سے وکٹیں نہیں گنوائیں، اوپنرز نے مہمان پیسرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اچھے رن ریٹ سے ٹوٹل میں اضافہ جاری رکھا۔

پاکستان نے10ویں اوور کے بعد اسپنرز نعمان علی اور سلمان علی کو بھی آزمایا مگر بیٹرز ڈٹے رہے، سدیرا سمارا وکرما وقفے وقفے سے دلکش اسٹروکس بھی کھیلتے رہے، 63کے مجموعی اسکور پر ساتھی اوپنر نشان مدوشکا (23) ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، ان کی جگہ نوانیدو فرنانڈو نے لی، یاسر شاہ نے رن ریٹ کنٹرول کیا مگر نعمان علی ایسا نہ کرپائے، شاہین شاہ آفریدی کا مخصر اسپیل بھی وکٹ نہ دلاسکا۔

بالآخر سدیرا سمارا ورکرما(91) کو سلمان علی آغا نے یاسر شاہ کا کیچ بنواکر پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی، اس وقت میزبان ٹیم کا ٹوٹل 158تھا، مزید 26رنز کے اضافہ کے بعد محمد نواز نے ایک ہی اوور میں 2وکٹیں اڑائیں، اسپنر نے نپن دھھننجیا(14) کو عبداللہ شفیق، لاہیرو اڈارا(4)کو سرفراز احمد کی مدد سے دھرلیا، سری لنکا کرکٹ الیون کے 200رنز 53ویں اوور میں مکمل ہوئے، نوانیدو فرنانڈو(78)کو یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا، ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے نشان مدوشکا دوبارہ بیٹنگ کیلیے آگئے،ساہان آراچ شیگی(28) کو نسیم شاہ نے بولڈ کردیا۔

دن کے اختتام تک سری لنکا کرکٹ الیون نے 5وکٹ پر 278رنز بنالیے تھے، نشان مدوشکا39اور چمیکا کرونا رتنے 14پر ناٹ آئوٹ تھے، محمد نواز2، یاسر شاہ، سلمان علی آغا اور نسیم شاہ نے ایک ایک شکار کیا ہے، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور نعمان علی کوئی وکٹ نہیں حاصل کرپائے۔

قبل ازیں پیر کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی پاکستان ٹیم کو اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، دوسرے ہی اوور میں عبداللہ شفیق(3)نے اڈتھ مدوشان کی گیند نوانیدو فرنانڈو کے سپرد کردی، امام الحق کھاتہ کھولے بغیر ہی دلشان مدوشنکا اور پریرا کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے۔

صرف 3 رنز کے دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم نے سنبھالا دیتے ہوئے اظہر علی کے ہمراہ مجموعہ 137تک پہنچایا، کپتان 88رنز بناکر لکشیتھا راسنجنا کی گیند پر وکٹ کیپر اگالاکمیگے کو کیچ دیکر رخصت ہوئے، مزید 6رنز کے اضافہ پر اظہر علی(43) لیستھ ایمبلڈینیا اور نوانیدو فرنانڈو کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، فواد عالم(22)کی مزاحمت لکشیتھا راسنجنا نے سدیرا سمارا وکرما کی معاونت سے ختم کی۔

پاکستان کے 200رنز 65ویں اوور میں مکمل ہوتے ہی محمد رضوان(31) کو لکشیتھا راسنجنا نے بولڈ کردیا، شان مسعود صرف 6 رنز بناکر لیستھ ایمبلڈینیا کی گیند منود بھانوکا کو سونپ کر رخصت ہوگئے، سعود شکیل 30رنز بناکر ریٹائرڈ ہوئے، محمد نواز(16)نے دلشان مدوشنکا کی بال پر ایمبلڈینیا کو زحمت دیتے ہوئے پویلین واپس لوٹ گئے، سلمان علی آغا نے 55رنز کی پر اعتماد اننگز کھیلنے کے بعد پرامود مدوشان کی گیند پر نوانیدو فرنانڈو کو کیچ دیا، یاسر شاہ(9) لکشیتھا راسنجنا اور مدوشنکا کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے۔

پاکستان نے 100اوورز کے کھیل میں 323رنز کے ساتھ اننگز کا اختتام کیا،شاہین شاہ آفریدی 4پر ناٹ آئوٹ رہے، اسپنرز لکشیتھا راسنجنا4، لیستھ ایمبلڈینیا2 وکٹیں لے اڑے، پیسرز دلشان مدوشنکا 2،اڈتھ مدوشان اور پرمود مدوشان ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

Check Also

پاکستان کے عشب عرفان نے کینسو اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

پاکستان کے عشب عرفان نے امریکا میں ہونے والی کینسو اوپن اسکواش  چیمپئن شپ جیت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *