Home / جاگو دنیا / برطانیہ کا اگلا وزیراعظم کون؟ مقابلہ رشی سونک اور لز ٹرس کے درمیان ہوگا

برطانیہ کا اگلا وزیراعظم کون؟ مقابلہ رشی سونک اور لز ٹرس کے درمیان ہوگا

برطانیہ کے بھارتی نژاد سابق وزیر خزانہ رشی سونک اور وزیر خارجہ لز ٹرس ملک کے اگلے وزیراعظم کی دوڑ میں آخری امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ بدھ کو حکمراں جماعت کنزرویٹیو پارٹی کے قانون سازوں کی حتمی ووٹنگ میں لز ٹرس اور رشی سونک سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے پہلے دو امیدار رہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق وزیر خزانہ رشی سونک ٹوری ایم پیز کے پانچویں اور آخری بیلٹ میں 137 ووٹوں سے آگے رہے جبکہ لز ٹرس کو 113 ووٹ ملے۔ وزیر تجارت پینی مورڈانٹ 105 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ رشی سونک اور لز ٹرس کا معاملہ اب کنزرویٹو پارٹی کے اراکین کے پاس ہے جو اگلے چھ ہفتوں کے دوران نئے پارٹی رہنما اور وزیراعظم کا فیصلہ کریں گے جبکہ نتائج کا اعلان 5 ستمبر کو کیا جائے گا۔

اپنی جیت کے بعد رشی سونک نے کہا کہ ہمیں اعتماد بحال کرنے، معیشت کی تعمیر نو اور ملک کو دوبارہ متحد کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ برطانیہ کورونا وبا، یوکرین جنگ اور بریگزٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والے مہنگائی کے بدترین بحران سے نبرد آزما ہے۔ دوسری امیدوار لز ٹرس نے کہا کہ ان خیال میں ٹیکس کم کرنے اور مواقع پیدا کرنے سے ہمیں وہ معاشی ترقی ملے گی جس کی برطانیہ کو ضرورت ہے۔ اس سے ہمیں اگلے انتخابات میں بھی فائدہ ہوگا۔

یاد رہے کہ رشی سونک دیگر حکومتی عہدیداروں کی طرح رواں ماہ وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد اسکینڈل میں گھرے وزیراعظم بورس جانسن کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔ سابق وزیراعظم بورس جانسن نے نئے برطانوی وزیراعظم کے عہدے کے لیے مقابلے میں شریک امیدواروں پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے لیے کھل کر اپنی حمایت جاری رکھیں۔

Check Also

چین کی بڑھتی فوجی طاقت، جاپان و فلپائن کے دفاعی معاہدے پر دستخط

خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے خدشات کے باعث جاپان اور فلپائن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *