Home / جاگو کھیل / پی سی بی کے ایک ڈائریکٹر پر ساتھی پر حملے کا الزام

پی سی بی کے ایک ڈائریکٹر پر ساتھی پر حملے کا الزام

کراچی: پی سی بی کے ایک ڈائریکٹر پر ساتھی ہم منصب پر حملے کا الزام عائد ہو گیا جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی صورت میں ثبوت بھی موجود ہے۔

پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں گذشتہ دنوں ایک ایسا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی،ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونی کیشن سمیع الحسن برنی اور ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید کے درمیان تعلقات آغاز سے ہی مثالی نہیں تھے۔

گذشتہ دنوں کسی بات پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی اور اس دوران سخت الفاظ کا تبادلہ بھی کیا گیا،ایک ڈائریکٹر کی زبان عہدے کے ہرگز شایان شان نہ تھی، بعد میں کوریڈور میں سامنا ہونے پر مبینہ طور پر سمیع نے عثمان کو دھکا دیا اور حملے کی کوشش کی،اس پر انھوں نے اپنا بچاؤ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ موقع پر موجود دیگر آفیشلز نے معاملہ ٹھنڈا کیا،بعد میں ڈائریکٹر کمرشل نے واقعے کی بورڈ کے پاس تحریری شکایت جمع کرا دی، ان کا کہنا تھا کہ نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے ساتھ ڈائریکٹر میڈیا نے ان پر حملے کی بھی کوشش کی۔

اعلیٰ حکام نے معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اسے فوری طور پر چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین کی زیرسربراہی ڈسپلنری کمیشن کو سونپ دیا جس کا ایک اجلاس ہو بھی چکا ہے، دونوں پارٹیز کا مؤقف سننے اور ثبوت دیکھنے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر(چیئرمین نہیں) سمیت بعض حلقے عثمان وحید پر زور ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنی شکایت واپس لے لیں مگر وہ اس پر آمادہ نہیں،غیرمشروط معافی کی پیشکش بھی انھوں نے قبول نہ کی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹر کمرشل کے دکلا بھی معاملے کو دیکھ رہے ہیں، اس حوالے سے وہ خود پر تشدد کی پولیس میں ایف آئی آر بھی درج کرانا چاہتے ہیں مگر انھیں بورڈ نے ہی انصاف دلانے کا یقین دلا کر انتہائی اقدام سے باز رکھا ہے،اس واقعے کا سی سی ٹی وی فوٹیج کی صورت میں ثبوت بھی موجود ہے۔

اس حوالے سے موقف جاننے کیلیے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ، سی ای او فیصل حسنین، سی او او سلمان نصیر اور ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید سے رابطہ کیا مگر 24 گھنٹے سے زائد وقت گذرنے کے باوجود کسی نے کوئی جواب نہ دیا۔

ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کو بھی پیغام بھیجا گیا کہ چونکہ ان کیخلاف کیس ہے لہٰذا وہ اگر خود موقف دینا مناسب نہ سمجھیں تو بورڈ میں کسی اور کو ریفر کر دیں مگر انھوں نے بھی خاموشی ہی اختیار کی۔

Check Also

پاکستان کے عشب عرفان نے کینسو اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

پاکستان کے عشب عرفان نے امریکا میں ہونے والی کینسو اوپن اسکواش  چیمپئن شپ جیت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *