Home / جاگو کھیل / ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جہانگیر خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جہانگیر خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات

کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نامور پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں حصہ لینے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔

ان نامور کھلاڑیوں نے ان خیالات کا اظہار پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں کیا ہے۔

10برٹش اوپن اور 6 ورلڈ اوپن ٹائٹلز جیتنے والے جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی نیک خواہشات اس ٹیم کے ساتھ ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ یہ ٹیم ہمیں اچھی خبر سنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے میں یہ بات سمجھ سکتا ہوں کہ یہ کھلاڑی کے لیے بہترین موقع ہوتا ہے کہ اس نے جس طرح سخت محنت اور ٹریننگ کی ہوتی ہے وہ اسے ایک بہترین پرفارمنس میں تبدیل کرے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن اگر فائٹ کر کے ہارتے ہیں تو اس سے ہر کوئی مطمئن ہوتا ہے۔

جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ اس ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑی شامل ہیں اور اگر یہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے تو مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم بہترین پرفارمنس دے گی۔

1978ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان پہلے بھی یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت چکا ہے اور اب قوم پھر منتظر ہے کہ ٹیم دوبارہ عالمی چیمپئن بن کر واپس لوٹے گی، پوری قوم ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔

دو بار کے ہاکی ورلڈ کپ گولڈ میڈلسٹ سابق اولمپئن سمیع اللّٰہ کہتے ہیں کہ ہمیں اس ٹیم سے بڑی اُمیدیں وابستہ ہیں اور یہ ہماری اُمیدوں پر پورا اترے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ٹیم کی بہت اچھی تیاری کرائی ہے اور کھلاڑیوں نے بھی سخت محنت کی ہے، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ہر میچ کو دل لگا کر کھیلیں۔

ٹینس گرینڈ سلیم فائنل کھیلنے والے واحد پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق کو بھی اُمید ہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹرافی جیت کر وطن آئے گی اور ہمیں فخر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

جیولن تھرو کے کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ جس طرح ٹیم نے سخت محنت کی ہے اور اس عالمی ایونٹ کے لیے تیاری کی ہے اس کا پھل ضرور ملے گا، اُمید ہے کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی بہترین پرفارمنس دے گی۔

کے ٹو کی چوٹی سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف کہتے ہیں کہ ہماری توقعات اس ٹیم کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ پاکستان ٹیم یہ ورلڈ کپ ضرور جیتے گی۔

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی سابق کپتان ہاجرہ خان کہتی ہیں کہ پوری فٹبال کمیونٹی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کر رہی ہے، کبھی آپ ہارتے ہیں کبھی جیتتے ہیں لیکن آپ ایک بہترین ٹیم کے ذریعے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

سیف گیمز ٹیبل ٹینس گولڈ میڈلسٹ عارف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم انفرادی طور پر غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جب یہ اکٹھے ہوتے ہیں تو ایک مضبوط ٹیم سامنے آتی ہے، ہم سب کو اس ٹیم سے بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ یہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرے گی۔

Check Also

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت مقابلے کے تمام ٹکٹ فروخت

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت مقابلے کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے۔ ایجبسٹن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *