Home / جاگو بزنس / 10ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری، سعودی عرب کا تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا

10ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری، سعودی عرب کا تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا

پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری کی زیر قیادت سرمایہ کاروں کا اعلیٰ سطح کا وفد آج پاکستان پہنچا تو وفاقی وزرا مصدق ملک اور جام کمال نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر پاکستان پہنچنے والے سعودی عرب کے وفد میں 30 سے زائد کمپنیوں کے سرمایہ کاروں سمیت 50 ارکان شامل ہیں۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ سعودی وفد کے دورے سے سرمایہ کاروں کے تجارتی تعلقات کو فروغ ملےگا اور اعلیٰ پاکستانی کمپنیاں 30سعودی کمپنیوں کےساتھ مختلف شعبوں میں منسلک ہوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرتوانائی مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سعودی وفد میں سعودیہ کی آئی ٹی، میرین، مائننگ، تیل و گیس کی تلاش، ادویات سازی، ایوی ایشن کی بڑی بڑی کمپنیوں کے 30 سے زائد سی ای اوز شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سعودی وفد کی پاکستان میں موجودگی کےدوران 10 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے۔

موجودہ حکومت سعودی کمپنیوں کی ملک میں موجود کمپنیوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت نے ایک دوسرے کے ملکوں کے کئی دورے کیے ہیں جس میں تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی گفتگو کی گئی۔

اقتدار میں آنے کے بعد سے وزیراعظم شہباز شریف دو مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ ماہ اپریل میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی پاکستان آئے تھے۔

گزشتہ روز نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے گیمبیا کے شہر بنجول میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔

Check Also

وزیر اعلیٰ مریم نواز کا لاہور شہر کی مالیت کا 17 گاڑیوں کا تحفہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور شہر میں صحت اور صفائی کی صورتحال بہتر بنانے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *