Home / جاگو کھیل / وقار یونس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل

وقار یونس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل

لاہور: پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔

وقار یونس بینو قادر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز اعزازی ٹوپی اور پلاک وصول کر کے پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنے۔ وقار یونس نے 373 ٹیسٹ اور 416 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی

انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ٹیموں کے خلاف 50 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔ ان ٹیموں میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور زمبابوے شامل ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی وہ یہ اعزاز چار ٹیموں کے خلاف حاصل کرسکے۔ان ٹیموں میں سری لنکا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ کے لیے شاندار خدمات پر پی سی بی نے پہلے ہی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک انکلوژر کو وقار یونس سے منسوب کررکھا ہے۔ یہ وہ گراؤنڈ ہے جہاں وقار یونس نے 7 ٹیسٹ میچز میں 29 اور 12 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 14 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر فخر محسوس ہورہا ہے: وقار یونس

وقار یونس کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے موقع پر کہ جب ان کی والدہ اور اہلیہ بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں وہ پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ درحقیقت پی سی بی ہال آف فیم کی یہ اعزازی پلاک اپنی والدہ سے وصول کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کیونکہ وہ اپنی والدہ سے بہت متاثر تھے۔ ان کے بغیر وہ کرکٹ میں یہ سب حاصل نہ کر پاتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے  خواب کی تکمیل تھا اور وہ آج بھی اس لمحے کو یاد کرکے پرجوش ہوجاتے  ہیں  ۔ اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کے 19 سال بعد پی سی بی کی جانب سے یہ اعزاز دئیے جانے پر وہ بورڈ کے مشکور ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ ان کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ اس اعزاز کی وجہ سے آج عبدالقادر، فضل محمود، حنیف محمد، وسیم اکرم، جاوید میانداد اور ظہیر عباس جیسے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں کھڑے ہورہے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی لیجنڈز ہیں اورتاریخ  کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے۔

پی سی بی بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے بعد پی سی بی ہال آف فیم کا آغاز اپریل 2021 میں ہوا۔ اس کا مقصد کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازات سے نوازنا ہے۔

ابتدائی طور پر آئی سی سی  ہال آف فیم میں شامل پاکستان کے چھ ارکان، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس براہ راست پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنےجبکہ آزاد ووٹنگ پینل نے  عبدالقادر اور فضل محمودکو   16 اکتوبر 2021 کوپی سی بی ہال آف فیم میں منتخب کیا۔

Check Also

پاکستان کے عشب عرفان نے کینسو اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

پاکستان کے عشب عرفان نے امریکا میں ہونے والی کینسو اوپن اسکواش  چیمپئن شپ جیت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *