Home / جاگو دنیا / مارگریٹ تھیچر نے خاتون ہونے کے باوجود فوجی کارروائی کی تھی، پیوٹن کا جانسن کو جواب

مارگریٹ تھیچر نے خاتون ہونے کے باوجود فوجی کارروائی کی تھی، پیوٹن کا جانسن کو جواب

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جمعرات کو برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے کہ اگر وہ خاتون ہوتے تو یوکرین پر حملہ نہ کرتے۔

ترکمانستان کے دورے کے دوران جمعرات کی صبح نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے بورس جانسن کے بیان کے جواب میں سابق برطانوی رہنما مارگریٹ تھیچر کے فاک لینڈز میں فوج بھیجنے کے فیصلے کی نشاندہی کی۔

بورس جانسن نے بدھ کے روز پیوٹن کے یوکرین کے خلاف “خصوصی فوجی آپریشن” شروع کرنے کے فیصلے کو ’زہریلی مردانگی کی شاندار مثال‘ قرار دیا اور پیوٹن کے مردانہ انداز کا مذاق اڑایا تھا۔

برطانوی وزیراعظم پر جوابی وار کرتے ہوئے پیوٹن نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں صرف حالیہ تاریخ کے واقعات کو یاد کرنا چاہتا ہوں جب مارگریٹ تھیچر نے جزائر فاک لینڈ کے لیے ارجنٹینا کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تو ایک خاتون نے فوجی کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ لہٰذا برطانوی وزیر اعظم کی طرف سے آج جو کچھ کہا جا رہا ہے، یہ اس کا مکمل طور پر درست حوالہ نہیں ہے۔

روسی رہنما نے 40 سال قبل ارجنٹائن کی جانب سے جنوبی بحر اوقیانوس میں بہت کم آبادی والے برطانوی زیر انتظام جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کا فوجی جواب دینے کے برطانوی اقدام پر تنقید کی۔

پیوٹن نے سوال کیا کہ جزیرہ فاک لینڈ کہاں ہے اور برطانیہ کہاں ہے؟، تھیچر کے اقدامات سامراجی عزائم اور ان کی سامراجی حیثیت کی تصدیق کی خواہش کے سوا کچھ نہ تھے۔

روس بار بار مغربی رویے کو سامراج اور منافقت قرار دیتے ہوئے سابق یوگوسلاویہ، افغانستان اور عراق میں فوجی کشی کی مثالیں دیتے ان اقدامات پر سوال اٹھاتے رہتے ہیں۔

لیکن اپنے دو دہائیوں کے اقتدار کے دوران پیوٹن کو خود سامراجی ذہنیت کے متعدد الزامات کا سامنا کرنا پڑا جہاں ان پر الزام ہے کہ وہ روس کی سرحدوں اور سابق سوویت میں اثر و رسوخ کو زبردستی پھیلانا چاہتے تھے اور خود کہہ چکے ہیں کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ سوویت یونین کے انہدام کو پلٹا سکے۔

روس کے 24 فروری کو یوکرین پر حملے نے متعدد شہروں کو تباہ کر دیا، اس میں ہزاروں شہری مارے گئے اور لاکھوں کو یوکرین میں اپنے گھروں سے بے گھر کر دیا گیا۔

Check Also

چین کی بڑھتی فوجی طاقت، جاپان و فلپائن کے دفاعی معاہدے پر دستخط

خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے خدشات کے باعث جاپان اور فلپائن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *