Home / جاگو ٹیکنالوجی / پاکستان میں آئندہ سال جولائی سے فائیو جی سروس شروع کرنے کا اعلان

پاکستان میں آئندہ سال جولائی سے فائیو جی سروس شروع کرنے کا اعلان

کراچی: وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسمارٹ فونز کی مینوفیکچرنگ شروع ہوچکی ہے اور جولائی 2023 تک پاکستان میں 5G لاؤنچ کر دیا جائے گا۔

شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ کیرئیر فیسٹ2022 سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی انڈسٹریز اور جامعات کے باہمی اشتراک سے مستقبل کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ ملک کے ہرحصے میں موجود افراد کی ٹیکنالوجی تک رسائی کو ممکن بنایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دیگر 43 وزارتوں کے برآمدات کے مقابلے میں برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن میں ہوا ہے۔دیگر وزارتوں کی برآمدات میں دو سے تین فیصد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن کی برآمدات میں 47.44 فیصداضافہ ہواہے۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ 20-2019 میں بھی اسٹارٹ اَپس کےلئے 75 ملین ڈالرز تھے جبکہ 2020 میں اسے بڑھا کر 373 ملین ڈالرز کردیا گیا اور اس کو 500 ملین ڈالرز تک لے کر جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن میں کرپشن کا نام و نشان نہیں اور جو کرپشن میں ملوث پایا جائے گا وہ منسٹری میں نہیں رہے گا۔ جب وزارت سنبھالی تو ہماری برآمدات 1.4 بلین ڈالرز تھی اورآج یہ بڑھ کر 2.6 بلین ڈالرز ہوگئی ہے جبکہ ہماراہدف 05 بلین ڈالرز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عصر حاضر آٹے اور دال، چاول کا دور نہیں بلکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے کیونکہ آرکٹیچکر، ڈیفنس سسٹم،ہیلتھ عرض یہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں ٹیکنالوجی بہت تیزی سے سرائیت کررہی ہے۔ ہمیں 2050 ء کے اہداف کے حصول کے لئے ابھی سے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے شعبہ جامعہ کراچی اور بالخصوص شعبہ کمپیوٹر سائنس کو مبارکباد پیش کی اور اس طرح پروگرامز کے تواترسے انعقاد پر زور دیا۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعات عام طور پر تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانے، ایجاد و اختراع اور نئی تحقیق کا مرکز ہوتی ہیں۔ ہمارے نوجوانوں میں ذہانت اور تخلیقی سوچ کی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی تخلیقی سوچ اور تخلیقات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان کی معاونت اور انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعات اور صنعتوں کا اشتراک ناگزیر ہے اورصنعتوں کے ساتھ اشتراک جامعات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ہم اپنے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً صنعتوں کے اشتراک سے مختلف سیمینارزاور کانفرنسز کا انعقاد کرتے رہتے ہیں۔

اس موقع پر چیئر مین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر ندیم محمود نے کیرئیر فیسٹ کے انعقاد اور اس کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔

مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کیرئیرفیسٹ میں لگائے اسٹالز کے بارے میں بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔

Check Also

عدالت کا پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کا حکم

پاکستان میں ٹک ٹاک بندش کے لئے دائر درخواست پر سماعت کے دوران پشاور ہائی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *