Home / تازہ ترین خبر / پاکستان کو پرامن بنانے کیلئے تمام جماعتیں ملکر بیٹھیں، علامہ طاہر اشرفی

پاکستان کو پرامن بنانے کیلئے تمام جماعتیں ملکر بیٹھیں، علامہ طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ انتہاپسندی، دہشتگردی کو ختم کرنے کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے، پاکستان کو پرامن بنانے کے لیے تمام جماعتیں بیٹھیں اور عزم استحکام پاکستان قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ علما نے محرم الحرام میں امن و امان کے لیے ہمیشہ کردار ادا کیا، رواں سال بھی محرم کے دوران امن کے قیام کے لیے رابطہ آفس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم محرم کو ملک بھر میں یوم سیدنا صدیق اکبرمنایاجائےگا، انتہاپسندانہ سوچ کو مکمل مسترد کرتے ہیں، کسی کو کافر قرار دینا صرف ریاست کا حق ہے، ہمارے آئین میں غیر مسلموں کےلیے بھی حقوق ہیں، بےبنیاد پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں اقلتیوں کو حقوق حاصل نہیں ہیں۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ریاست کی بھی ذمہ داری ہے اور بطور مسلمان ہونے کے ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ پاکستان میں رہنے والے غیرمسلم کے حقوق کے کوئی سلب نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں امن کے ساتھ رہنے والے غیر مسلم کو قتل کرنا، ان کے املاک کو جلانا یا ان پر قبضہ کرنا ناجائز اور گناہ ہے، جب کہ یہ آئین پاکستان اور قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، ریاست کو چاہیے کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ خواتین کی تعلیم کی مخالفت کرنے والے اسلام کے نمائندے نہیں ہیں، مختلف فتنے ابھر رہے ہیں، امت کو توڑنے کی سازشیں ہورہی ہیں، اسلام کی رو سے خواتین کے حقوق کی پاسداری اور ان کا احترام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے، انتہاپسندی، دہشتگردی کو ختم کرنے کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے، پاکستان کو پرامن بنانے کے لیے تمام جماعتیں بیٹھیں، عزم استحکام پاکستان قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ عزم استحکام سے متعلق وزیراعظم آفس سے بیانات جاری ہوچکے ہیں اور جن سیاسی جماعتوں کو ان پر تحفظات ہیں، حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ان کے ساتھ ملکر تحفظات کو دور کریں تاکہ پاکستان کو پرامن اور مستحکم ملک بنایا جاسکے۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو پاکستان کے اندورنی معاملات میں دخل کی اجازت نہیں، پاکستان سے متعلق امریکی قرارداد قابل مذمت اور افسوسناک ہے، امریکا خود کیا کررہا ہے، امریکا کو فلسطین میں ظلم پر انسانیت یاد نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جوابی قرارداد پر سنی اتحاد کا اختلاف افسوسناک ہے, یہ کہتے ہیں کہ ہماری حکومت امریکا نے گرائی تو امریکا کے خلاف قرارداد کی حمایت کیوں نہ کی گئی، امریکی قرارداد کی مخالف کس سے محبت کا اظہار تھا۔

Check Also

فوج سمیت تمام ادارے اپنے آئینی دائرہ کار سے وابستہ ہو جائیں، مولانا فضل الرحمٰن

جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کرتے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *