Home / جاگو کھیل / ایشین گیمز میں پہلا ہدف پاکستان کا نیشنل ریکارڈ بنانا ہے، ایتھلیٹ تامین خان

ایشین گیمز میں پہلا ہدف پاکستان کا نیشنل ریکارڈ بنانا ہے، ایتھلیٹ تامین خان

پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ تامین خان نے ایشین گیمز میں اچھی پرفارمنس کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں ان کا پہلا ہدف پاکستان کا نیشنل ریکارڈ بنانا ہے۔

ایشین گیمز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگزو میں ہوں گے جس میں تامین خان 100 میٹر اور 200 میٹر دوڑ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

اس حوالے سے تامین خان نے کہا کہ میں ان دونوں ایونٹس کا ریکارڈ بڑے مارجن سے بہتر کرنے کے لیے کافی محنت کر رہی ہوں۔

پاکستان کے قومی ریکارڈز میں 100 میٹر کا ریکارڈ 11.81 سیکنڈز کے ساتھ نسیم حمید اور صدیق صدیقی کے پاس ہے، تامین خان نے گزشتہ سال ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں 11.86 سیکنڈز کی ٹائمنگ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔

خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ تامین خان نے کہا کہ ایشین گیمز بڑا ایونٹ ہے اور کافی مشکل مقابلے ہوں گے، کوشش ہوگی کہ میں سیمی فائنل اور فائنل کے لیے کوالیفائی کروں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایشین چیمپئن شپ میں فائنلسٹ کی ٹائمنگ 11.2 سے 11.6 رہی تھی، میری کوشش ہو گی کہ اس ٹائمنگ کو حاصل کروں، ایشین گیمز میرا پہلا انٹرنیشنل ایونٹ ہے اور ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔

ایونٹ کی تیاریوں کے بارے میں تامین خان کا کہنا ہے کہ روزانہ تین سے چار گھنٹے ٹریننگ کرتی ہوں، ٹریک پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ جم میں بھرپور ویٹ ٹریننگ بھی کر رہی ہوں۔

ایک سوال پر تامین خان نے کہا کہ اگر ہمیں بھی کرکٹ جیسی سپورٹ ہو تو ہم اور بھی بہتر رزلٹ دے سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایتھلیٹس کے ساتھ کوچز اور فزیو کی ٹیم ہوتی ہے، یہاں ایسا کچھ نہیں اور ٹریکس کا معیار انٹرنیشنل ٹریکس جیسا نہیں ہے، پریکٹس کے وقت الیکٹرونک ٹائمر نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے تیاریوں میں دشواریاں پیش آتی ہیں۔

Check Also

بھارتی ٹیم کا استقبال: روہت شرما کو ادھیڑ عمر خاتون کے بوسے، ویڈیو وائرل

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی فاتح بھارتی کرکٹ ٹیم گزشتہ شب …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *