Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / سجل علی اور فرحان سعید لکس اسٹائل ایوارڈز سے مایوس

سجل علی اور فرحان سعید لکس اسٹائل ایوارڈز سے مایوس

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سب سے بڑے ایوارڈز ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ کا 22 واں میلہ حال ہی میں شوبز ستاروں کے ساتھ کراچی میں سجا، کئی فنکاروں کو اعزازات سے نوازا گیا وہیں کئی فنکار منتظمین سے مایوس بھی نظر آئے۔

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ سجل علی اور اداکار فرحان سعید نے لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگیوں پر افسوس اور عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنی آواز سوشل میڈیا کے ذریعے بلند کی۔

سجل علی نے انسٹا گرام پر طویل اور سلسلہ وار اسٹوریز شیئر کیں اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایوارڈ شوز فن اور فنکاروں کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کا ایک بہترین ذریعہ ہیں، میں لکس اسٹائل ایوارڈز اور ان کی جیوری سے درخواست کرتی ہوں کہ ان لوگوں کو کم از کم نامزد تو ضرور کریں جنہوں نے شاندار کام کیا ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے لکھا کہ مہوش حیات جنہوں نے فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں زبردست کام کیا، جبکہ ڈراما سیریل ’بادشاہ بیگم‘ میں زارا نور عباس اور ڈراما سیریل ’حبس‘ میں اشنا شاہ نے بھی اچھی پرفارمنس دی۔

سجل علی نے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ جیوری ارکان کون ہیں؟ کیا وہ ہمارے شوز دیکھتے بھی ہیں یا نہیں؟ یا وہ صرف ان لوگوں کو نامزد کرتے ہیں جو عوام میں مقبولیت رکھتے ہیں؟

سجل علی اور فرحان سعید لکس اسٹائل ایوارڈز سے مایوس

انہوں نے لکھا کہ ایوارڈ نہ جیتنا ایک الگ بات ہے لیکن اچھا کام کرنے کے باوجود اسے سرے سے نظر انداز کر دینا مایوس کُن ہے، صرف ایک فنکار کے ساتھ ایسا نہیں ہوا بلکہ بیشتر کے ساتھ ایسا ہوا ہے۔

سجل علی نے اپنی دیگر اسٹوریز میں ایوارڈز میں تکنیکی ٹیم اور سپورٹنگ ایکٹرز کی کیٹیگری کو شامل کرنے پر بھی زور دیا۔

سجل علی اور فرحان سعید لکس اسٹائل ایوارڈز سے مایوس

انہوں نے کرنل زیڈ آئی فرخ کے تاریخی ناول ’بچھڑ گئے‘ (سانحۂ مشرقی پاکستان کی تجزیاتی خود نوشت) پہ مبنی جیو ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل ’جو بچھڑ گئے‘ کو نامزد نہ کیے جانے پر بھی سوال اُٹھایا اور لکھا کہ ’یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ مقبول ڈراما سیریل ’جو بچھڑ گئے‘ کو نامزد ہی نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب اداکارہ فرحان سعید نے بھی انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا اور لکھا کہ لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں جنہوں نے ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا وہ اچھی طرح سوچ سمجھ کر نہیں کیا گیا، میں یہ صرف اپنے لیے نہیں کہہ رہا ہوں بلکہ ہر اُس شخص کے لیے کہہ رہا ہوں جس نے سخت محنت کی ہے، میں یہ ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کہہ رہا ہوں جو ہماری انڈسٹری کا حصہ بننا چاہتے ہیں، میں یہ بات لوگوں کا ہم پر اعتماد برقرار رکھنے کے لیے کہہ رہا ہوں۔

فرحان سعید نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہر حال میرے پاس سب سے اہم انعام آپ کی محبت ہے، ایوارڈ جیتنے والے تمام لوگوں کو مبارک ہو۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جیو کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے بھی ایوارڈ شو میں محدود کیٹیگریز کی شکایت ریکارڈ کروائی تھی اور کہا تھا کہ ایوارڈز کی مختلف کیٹیگری کی محدود رینج ان کے اقدار کے مطابق نہیں ہیں، ایوارڈ شو میں بہترین ہدایتکار اور بہترین رائٹر جیسی اہم کیٹیگریز موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کو نامزدگیوں کے لیے نہیں بھیجا گیا۔

Check Also

میری تیسری شادی کروانے میں بیٹے نے اہم کردار ادا کیا: عتیقہ اوڈھو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف، سینیئر اور تجربہ کار اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *