کراچی:
پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن جمعرات کو شروع ہوگا، اس سے قبل ٹیموں کو اینٹی کرپشن لیکچرز دینے کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے، گذشتہ روز لاہور میں قلندرز اور ملتان سلطانز کے کھلاڑی و سپورٹ اسٹاف اس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر نے دونوں ٹیموں کوکرپشن کے نقصانات کا سبق یاد دلایا، انھوں نے شرکا کو بتایا کہ بورڈ کا اینٹی کرپشن کوڈ ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے، اسے پڑھ کر اندازہ ہو جائے گا کہ منفی عناصر سے دور رہنا کتنا ضروری ہے۔
دوسری جانب انٹیگریٹی افسران نے بھی ٹیموں کو جوائن کرنا شروع کر دیا، تمام کا تعلق پاکستان سے ہی ہے، پی سی بی ترجمان کے مطابق ان سب کا تقرر اشتہار دینے کے بعد کیا گیا،چونکہ یہ پاکستان کا ڈومیسٹک ایونٹ ہے اس لیے آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ شامل نہیں ہوگا۔