Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / کورونا وائرس نے ہالی ووڈ کی رونقیں اجاڑ دیں، اربوں ڈالرز ڈوبنے کا خطرہ

کورونا وائرس نے ہالی ووڈ کی رونقیں اجاڑ دیں، اربوں ڈالرز ڈوبنے کا خطرہ

دنیا بھر میں کوروناوائرس نے کسی عفریت کی طرح پنجے پھیلالیے ہیں لوگ کورونا کی دہشت سے اپنے گھروں میں سہمے بیٹھے ہیں ہر چہرے سے خوف جھلک رہا ہے، گلیاں سڑکیں سنسان پڑی ہیں۔ اس جان لیو ااور مہلک وائرس نے اب تک 13 ہزار سے زائد زندگیاں نگل لی ہیں جب کہ لاکھوں لوگ اس سے متاثر ہیں۔

کورونا وائرس نے جہاں عالمی معیشت پر بہت برے اثرات مرتب کیے ہیں وہیں اس نے دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ کی انڈسٹری یعنی ہالی ووڈکو بھی ویران کردیا ہے۔ اربوں کھربوں کے بجٹ سے بننے والی ہالی ووڈ کی تقریباً تمام زیر تکمیل فلموں کی شوٹنگ بند ہوگئی ہیں۔ جب کہ سینما اور تھیٹرز میں ویرانی چھائی ہوئی ہے۔

یو ایس انٹرٹینمنٹ انڈسٹری یونین آئی اے ٹی ایس ای (انٹرنیشنل الائنس آف تھیٹریکل اسٹیج ایمپلائیز) کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ہونے والے حالیہ شٹ ڈاؤن کی وجہ سے ہالی ووڈ کے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزارلوگ بے روز گار ہوگئے ہیں۔ صرف یہی نہیں انٹرٹینمنٹ کے شعبے سے جڑے کئی بڑے اور مہنگے ترین ایونٹس بھی کورونا وائرس کے باعث  منسوخ کردئیے گئے ہیں۔ دی ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق  کورونا وائرس سے متعلق فیصلوں کے اثرات کی وجہ سے رواں سال ہالی ووڈ کو 20 بلین ڈالرز کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔

 میٹ گالا

فیشن کی دنیا کے سب سے بڑے میلے  میٹ گالا کو بھی کورونا وائرس کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔ میٹ گالا کی تقریب رواں سال 4 مئی کو منعقد کی جانی تھی لیکن حالیہ صورتحال کے باعث انتظامیہ نے اس تقریب کو ملتوی کرنا ہی مناسب سمجھا۔ دی میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹس کی جانب سے میٹ گالا کو منسوخ کیے جانے کے اعلان کے بعد تقریب کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

کانز فلم فیسٹیول

دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کانز فلم فیسٹیول کو بھی دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے مہلک اورجان لیوا کورونا وائرس کے خوف کے باعث ملتوی کردیا گیا۔ کانز فلم فیسٹیول کامیلہ ہر سال فرانس کے شہر کانز میں سجتا ہے  جہاں دنیا بھر کے ستارے جمع ہوتے ہیں۔ رواں سال بھی  کانز فیسٹیول کا انعقاد 12 سے 23 مئی تک کانز میں ہونا تھا تاہم یورپ میں کورونا وائرس کے خطرے کے باعث اس فیسٹیول کا انعقاد ملتوی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ  کانز میلے میں ہر سال ہالی ووڈ اور بالی ووڈ اداکارائیں سونم کپور، ایشوریا رائے بچن وغیرہ شرکت کرتی ہیں جب کہ دو برس قبل اداکارہ ماہرہ خان نے بھی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔ اس فیسٹیول میں دنیا بھر سے منتخب شدہ فلموں کی نمائش کرنے کے ساتھ متعدد شعبہ جات میں ایوارڈز بھی دئیے جاتے ہیں۔

بل بورڈ میوزک ایوارڈز

موسیقی کےشعبے کے اہم ترین مانے جانے والے بل بورڈ میوزک ایوارڈز کی تقریب کورونا وائرس کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔ این بی سی اور ڈسک کلارک پروڈکشن انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل اور مقامی صحت کے عہدیداروں کی جانب سے وضع  کی جانے والی صحت کی نئی گائیڈ لائنز اور ہمارے فنکاروں، مداحوں، مہمانوں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہم رواں سال منعقدہونے والے بل بورڈ میوزک ایوارڈز کو ملتوی کررہے ہیں۔ ایوارڈز کے انعقاد کے حوالے سے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 

اے سی ایم اور آئی ہارٹ ریڈیو میوزک ایوارڈز

55 ویں اکیڈمی آف کنٹری میوزک (اے سی ایم) ایوارڈز کی تاریخ  کورونا وائرس کی دہشت کے پیش نظر  5 اپریل سے بڑھا کر ستمبر تک کردی گئی ہے جب کہ آئی ہارٹ ریڈیو میوزک ایوارڈز جو کہ 29 مارچ کو منعقد ہونے والے تھے کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

آئی ہارٹ ریڈیو ایوارڈز انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مہمانوں، فنکاروں، ہمارے پارٹنرز اور عملے کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے لہذا ہم نے یہ ایوارڈز فی الحال ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جیسے ہی مناسب وقت آئے گا ایوارڈ کی تقریب دوبارہ منعقد کی جائے گی اس حوالے سے ہم آپ لوگوں کو باخبر کرتے رہیں گے۔

ٹریبیکا فلم فیسٹیول

امریکا میں منعقد ہونےوالے 19 ویں ٹریبیکا فلم فیسٹیول کو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔ یہ فیسٹیول رواں سال 15 سے 26 اپریل تک منعقد ہونا تھا۔ٹریبیکا انٹرپرائز کے شریک بانی اور سی ای او جین روزنتھل کے مطابق فیسٹیول کو فنکاروں ، عملے اور فیسٹیول میں شریک ہونے والے لوگوں کی حفاظت کے پیش نظر  ملتوی کیا جارہا ہے ۔

کڈز چوائس ایوارڈز

22 مارچ 2020 کو لاس اینجلس  منعقد ہونے والے کڈز چوائس ایوارڈز  کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

Check Also

میری تیسری شادی کروانے میں بیٹے نے اہم کردار ادا کیا: عتیقہ اوڈھو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف، سینیئر اور تجربہ کار اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *