Home / جاگو کھیل / ٹیسٹ کھیلو زیادہ پیسہ کماؤ، بورڈ کرکٹرز کو ترغیب دینے لگا

ٹیسٹ کھیلو زیادہ پیسہ کماؤ، بورڈ کرکٹرز کو ترغیب دینے لگا

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹرز کو ترغیب دینے لگا ہے کہ ٹیسٹ کھیلو زیادہ پیسہ کماؤ۔ 

تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور وہاب ریاض نے غیرمعینہ مدت تک دوری کا اعلان کیا تھا، پی سی بی کو خدشہ ہے کہ محدود اوورز کی کرکٹ سے کم وقت میں زیادہ پیسہ کمانے کیلیے کہیں مزید کرکٹرز بھی ایسا نہ کریں، اس لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی ٹیسٹ میچ فیس میں 25 سے50 فیصد اضافے پر غور ہونے لگا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے کورونا وائرس کے بعد ممکنہ مالی مسائل کا بوجھ کھلاڑیوں پر نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، گوکہ 2021 تک کوئی اضافہ کرنا لازمی نہیں ہے مگر اس کے باوجود ٹیسٹ فیس بڑھا دی جائے گی، گزشتہ معاہدوں میں ہی ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں اسے تین گنا کر دیا گیا تھا،بورڈ پلیئرز کو ٹیسٹ کی جانب راغب رکھنے کیلیے اب مزید اضافہ کر رہا ہے، نئے معاہدوں میں ماہانہ تنخواہوں، میچ فیس یا مراعات میں کسی قسم کی کمی کا امکان نہیں، یوں کورونا کا بوجھ کھلاڑیوں کی جیبوں پر نہیں پڑے گا، مینز اور ویمنز کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ کا فیصلہ کرنے کیلیے اجلاس رواں ماہ ہی متوقع ہے، اس میں سی ای او وسیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، ہیڈ کوچ مصباح الحق ودیگر شریک ہوں گے۔

اس میٹنگ میں کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق اور کیٹیگریز کا فیصلہ کیا جائے گا، واضح رہے کہ پی سی بی نے گذشتہ برس اگست میں 19کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ سے نوازا تھا، جولائی 2019 سے شروع ہونے والے معاہدے آئندہ ماہ ختم ہو رہے ہیں،2019میں معاہدوں کی فہرست میں شعیب ملک اور محمد حفیظ شامل نہیں ہو سکے تھے، دونوں اب بھی باہر رہیں گے، سابق کپتان سرفراز احمد کا بھی اے کیٹیگری میں برقرار رہنا دشوار ہے،ان کی جگہ اظہر علی کو دی جائے گی، ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے والے محمد عامر کو بدستور سی کیٹیگری میں رکھا جا سکتا ہے، فیصلے کی پیروی کرنے والے وہاب ریاض بھی انھیں جوائن کر لیں گے۔

ماہانہ 11 لاکھ روپے پانے والے موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری والے کرکٹرز میں سرفراز احمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ شامل ہیں، ساڑھے 7لاکھ روپے وصول کرنے والے بی کیٹیگری کرکٹرزاسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض ہیں،ساڑھے5لاکھ روپے گھر لے جانے والے سی کیٹیگری پلیئرز عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری ہیں۔ اے کیٹیگری میں شامل پلیئرز کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے بطور فیس ملتے ہیں،اضافے کے بعد یہ 10 لاکھ تک ہو سکتی ہے، حالیہ ون ڈے میچ فیس4 لاکھ 68 ہزار 815 جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس3لاکھ 38ہزار250ہے۔ بی کیٹیگری کو 6لاکھ65 ہزار 280 (ٹیسٹ)، 3لاکھ 90ہزار33 (ون ڈے) اور2 لاکھ 70ہزار600(ٹی ٹوئنٹی) فیس ملتی ہے۔

سی کیٹیگری کے حامل کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ میں بطور فیس5لاکھ68ہزار260 روپے دیے جاتے ہیں، ون ڈے میچ فیس3 لاکھ12 ہزار543 ہے جبکہ ٹی 20میں 2 لاکھ2ہزار950 روپے حصے میں آتے ہیں۔ اے کیٹیگری سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک چار روزہ میچ کھیلنے پر3 لاکھ 30 ہزار، ون ڈے میں 2 لاکھ 10 ہزار جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیڑھ لاکھ روپے بطور میچ فیس دیے جاتے ہیں، بی کیٹیگری کو2 لاکھ90 ہزار (چار روزہ) ایک لاکھ 75ہزار (ون ڈے) اورایک لاکھ 20 ہزار (ٹی ٹوئنٹی) میں ملتے ہیں۔ سی کیٹیگری کیلیے فیس 2 لاکھ48 ہزار (چار روزہ)ایک لاکھ40 ہزار (ون ڈے) اور90 ہزار (ٹی ٹوئنٹی) ہے۔

Check Also

بھارتی ٹیم کا استقبال: روہت شرما کو ادھیڑ عمر خاتون کے بوسے، ویڈیو وائرل

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی فاتح بھارتی کرکٹ ٹیم گزشتہ شب …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *