Home / تازہ ترین خبر / گلگت بلتستان کے وزیر زراعت حاجی جانباز خان کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

گلگت بلتستان کے وزیر زراعت حاجی جانباز خان کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

گلگت بلتستان کے وزیر زراعت حاجی جانباز خان کورونا وائرس کے باعث سٹی ہسپتال گلگت میں انتقال کر گئے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے صوبائی وزیر کے انتقال کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 4 روز سے زیر علاج تھے اور طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر کی سہولت فراہم کی گئی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ڈاکٹر شاہ زمان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر جانباز خان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی تاہم حاجی جانباز کی صحت زیادہ خراب ہونے کے باعث انہیں آئیسولیشن سینٹر بھی منتقل نہیں کیا جاسکا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ سٹی ہسپتال گلگت میں سابق اسپیکر اسمبلی ملک محمد مسکین بھی کورونا وائرس کی وجہ سے زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے جاں بحق صوبائی وزیر حاجی جانباز خان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے بانی رہنما تھے۔

ان کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا اور متعدد بار گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن، ان کے قریبی رشتے داروں کے مطابق جانباز خان نے 2 شادیاں کی تھیں اور ان کے 5 پیٹے اور 4 بیٹیاں ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں متعدد سیاستدان کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جس میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر کی سینئر قیادت بھی شامل ہے۔

اس کے ساتھ ہی کورونا وائرس سےچند سیاستدانوں کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

چند روز قبل پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ان سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب، انجینئر امیر مقام سمیت متعدد اہم رہنما اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب اور جے پرکاش لوہانا بھی وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

2 جون کو صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

بعدازاں 2 جون کی رات کو سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے چند روز بعد انتقال کر گئے تھے۔

Check Also

علی امین بھڑکیں مارتے رہتے ہیں، پرویز خٹک کا وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کے بیان پر ردعمل

سابق وفاقی وزیر و سربراہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *