Home / جاگو بزنس / ‘میرا گھر اسکیم’ کو نئی شکل دے رہے ہیں، کسی کو نقصان نہیں ہوگا، مفتاح اسمٰعیل

‘میرا گھر اسکیم’ کو نئی شکل دے رہے ہیں، کسی کو نقصان نہیں ہوگا، مفتاح اسمٰعیل

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ ہم ‘میرا گھر اسکیم’ کو نئی شکل دے رہے ہیں جس سے کسی کو مالی نقصان نہیں ہوگا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ لوگ رابطہ کر رہے ہیں کہ ‘میرا گھر اسکیم’ میں ان کے قرضے منظور ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے رقم خرچ کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اس اسکیم کو نئی شکل دے رہے ہیں اور کسی کا کوئی نقصان نہیں ہوگا، ہم اگلے ہفتے کےدوران مسائل حل کر لیں گے۔

واضح رہے کہ 2 جون کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے متعارف کرائے گئے میرا پاکستان میرا گھر اور کامیاب جوان یوتھ انٹرپرونیورشپ اسکیمز کو معطل کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کم لاگت کی ہاؤسنگ اسکیم میرا پاکستان میرا گھر کو 2 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں ان اسکیمز کے تحت فنڈنگ روک دیں۔

سابق حکومت نے کم آمدنی والے افراد کے لیے کم لاگت کے گھروں کی میرا پاکستان میرا گھر اسکیم متعارف کرائی تھی جس کے تحت رعایتی شرح پر قرض دیے جاتے تھے۔

اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ حکومت نے ان اسکیمز کا جائزہ لینے اور اس پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے، چونکہ شرح سود بڑھ کر 13.75 فیصد ہوگئی ہے اس لیے کم لاگت والی ہاؤسنگ اسکیمز جاری رکھنا حکومت کے لیے ناممکن نظر آتا ہے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ میں حکومت مالی خسارہ کم کرنے کے لیے ریونیو بڑھانا چاہتی ہے جس کی وجہ سے اس نے ہر قسم کی سبسڈی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ ’اس سلسلے میں موجودہ معاشی صورتحال میں ہونے والی پیش رفتوں کی روشنی میں حکومت پاکستان اسکیم کے پہلو پر نظرثانی کے لیے غور کررہی ہے‘۔

اس کے مطابق بینکوں، ڈیولپمنٹ فنانس انسٹیٹیوشن (ڈی ایف آئیز) اور مائیکرو فنانس بینکس (ایم ایف بیز) کو یکم جولائی سے 31 اگست تک میرا گھر میرا پاکستان کے تحت مزید اقساط کا اجرا روکنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

مزید بتایا گیا تھا کہ تاہم ان کیسز میں کہ جہاں 30 جون 2022 تک جزوی ادائیگیاں ہوچکی ہوں مالیاتی ادارے میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کے تحت بقیہ اقساط جاری کرسکتے ہیں۔

Check Also

عمران خان کا موسم تبدیل ہورہا ہے، لگتا ہے ان کے دل میں ہمدردانہ گنجائش پیدا ہو رہی ہے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *