Home / تازہ ترین خبر / امید ہے نگران وزیراعظم آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، شہباز شریف

امید ہے نگران وزیراعظم آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، شہباز شریف

وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بننے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان سے نگران وزیراعظم کا انتخاب خوش آئند ہے، آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی، انوارالحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے اور محب وطن شخص ہیں، تمام جماعتوں کی طرف سے ان کے نام پر اعتماد ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ انوارالحق کاکڑ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے،16 ماہ میں ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو جس معاشی استحکام سے ہم کنار کیا ہے، امید ہے اس کا تسلسل جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترقی، تعمیر اور معاشی بہتری کا تسلسل یقینی بنانا پاکستان اور عوام کی بہتری کے لئے ضروری ہے، دعا گو ہوں کہ نگران وزیراعظم اور ان کی کابینہ عوام اور آئین کی توقعات پر پورا اتریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے کہا تھا کہ عام انتخابات 90دن کی آئینی مدت کے تین ماہ بعد آئندہ سال فروری میں ہوں گے ۔

راجا ریاض کا یہ بیان بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو ملک کا عبوری وزیر اعظم نامزد کرنے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جہاں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف نے دو دن تک مشاورت کے بعد نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان کیا۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر اسمبلی کی مدت کے خاتمے سے تین دن قبل 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کردی تھی جس کے بعد آئین کے تحت آئندہ 90 90 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔

تاہم، 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج کی منظوری کے بعد انتخابات میں تاخیر تقریباً یقینی ہے کیونکہ ایک نئی حلقہ بندیوں میں دو سے تین ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اس کے بعد ہی الیکشن کی تیاریوں کا آغاز ہو گا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف ر ریاض نے کہا کہ ہمیشہ سے شکایات آتی رہی ہیں کہ بلوچستان کو اس کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، اسی وجہ سے نگران وزیراعظم کا انتخاب بلوچستان سے کیا گیا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں تحلیل ہونے والی وفاقی کابینہ کے وزراء نے بھی کہا تھا کہ اگلے عام انتخابات میں تاخیر کا امکان ہے۔

Check Also

کراچی، لاہور اور صوابی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل بندش اور بدترین لوڈ شیڈنگ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *