Home / تازہ ترین خبر / کراچی: شارع فیصل پر شیر باہر نکل آیا

کراچی: شارع فیصل پر شیر باہر نکل آیا

کراچی کے علاقے شارع فیصل میں عائشہ باوانی کالج کے قریب سڑک پر شیر نکل آیا، جس کے بعد ٹریفک جام ہوگیا اور لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی۔

محکمہ وائلڈ لائف سندھ کے سربراہ جاوید احمد مہر نے بتایا کہ محکمے کو اطلاع ملی ہے کہ عائشہ باوانی کے علاقے میں ایک شیر نکل آیا ہے۔

ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پالتو شیر شارع فیصل میں ایک شہری کے ساتھ چہل قدمی کر رہا ہے اور شہری اس کو سہلا رہے ہیں، اس کے بعد شیر آگے بڑھتا ہے اور ایک عمارت کی پارکنگ میں داخل ہوگیا۔

—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں پہنچ گئی اور لوگوں کو ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شیر کو قابو کرکے رہائشی عمارت سے باہر نکال دیا گیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف سندھ جاوید مہر نے بتایا کہ یہ شیر بظاہر پالتو ہے اور اس سے مالک باآسانی قابو کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائلڈ لائف قانون 2022 کے تحت گھروں میں شیر پالنے کی اجازت نہیں ہے اور چند لوگوں نے غیرقانونی طور پر گھروں میں شیر پال رکھے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے شیر سے دور رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے عملے کو وہاں بھیج دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں اسلام آباد کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ایک گھر میں تیندوا گھس آیا تھا جس سے رہائشی افراد خوف زدہ ہوگئے تھے، تاہم رات گئے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم نے 6 گھنٹوں بعد قابو کرلیا تھا۔

وائلڈ لائف کی ٹیم تیندوے کو پنجرے میں ڈالنے میں ناکام رہے تو رات 10 بجے کے قریب اہلکاروں نے تیندوے کو مکمل طور پر بے ہوش کردیا تھا جس کے بعد تیندوے کو بند جگہ پر قید کیا گیا تھا۔

بعد ازاں رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ خوف پھیلانے والا تیندوا پالتو تھا۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر طارق بنگش نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ جنگلی نہیں بلکہ ایک پالتو تیندوا ہے لیکن وہ بے انتہا ڈرا ہوا ہے اور اسی وجہ سے مسلسل غرا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تیندوے کی عمر دو سے تین سال کے درمیان ہے اور اسے حال ہی میں ریسکیو کیے گئے بھورے بھالو، چیتے اور متعدد بندروں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

طارق بنگش نے کہا تھا کہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاقوں میں متعدد افراد نے تیندوے سمیت متعدد جنگلی جانوروں کو گھر میں پال رکھا ہے۔

Check Also

عمران خان کا موسم تبدیل ہورہا ہے، لگتا ہے ان کے دل میں ہمدردانہ گنجائش پیدا ہو رہی ہے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *