Breaking News
Home / تازہ ترین خبر / بول نیٹ ورک ’ایشیا پاک انویسٹمنٹ‘ نے خرید لیا، سمیر چشتی نئے سربراہ مقرر

بول نیٹ ورک ’ایشیا پاک انویسٹمنٹ‘ نے خرید لیا، سمیر چشتی نئے سربراہ مقرر

نجی میڈیا گروپ ’بول نیٹ ورک‘ نے اعلان کیا ہے کہ اسے ’ایشیا پاک انویسٹمنٹس‘ نے خرید لیا ہے جو کہ ایک پرائیویٹ ایکویٹی فرم ہے اور اب ایک نئے سربراہ نے ادارے کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں بول کے دفاتر سمیت اس کا صدر دفتر کراچی میں موجود رہے گا جبکہ ایشیا پاک انویسٹمنٹس کے دفاتر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں موجود ہیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایشیا پاک انویسٹمنٹس نامی یہ ادارہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کرتا ہے، اس کے شعبوں میں انفرااسٹرکچر، توانائی، بجلی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

مزید برآں سمیر چشتی کو بول نیٹ ورک کا نیا چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، پریس ریلیز میں سمیر چشتی کو ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں بین الاقوامی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک تجربہ کار سرمایہ کار کے طور پر بیان کیا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق سمیر چشتی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت اور ٹیلی کمیونیکیشن میں حیرت انگیز پیش رفت ہو رہی ہے، مواد کی تخلیق، خبریں، تفریح، گیمنگ، موسیقی، تعلیم، مواصلات اور کمیونٹی سمیت پورے ’میڈیا ایکو سسٹم‘ پر اثر محسوس کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین، کوریا، سعودی عرب اور دیگر ممالک میں 500 سے زیادہ ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے ’اسپارکس لیب گروپ‘ کے شراکت دار کے طور پر میں نے زندگی کو بدلنے، معاشروں کو تبدیل کرنے اور ابھرتی معیشتوں میں ان ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں کو براہ راست دیکھا ہے۔

سمیر چشتی نے مزید کہا کہ ’اور یہ یقیناً ایسے مواقع ہیں جو تمام پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہونے چاہئیں، ’نیا بول نیٹ ورک‘ مواد تیار کرنے اور تقسیم کرنے کے طاقتور ذرائع کے استعمال کا وعدہ کرتا ہے تاکہ ہم سب سیکھ سکیں اور سکھا سکیں، بول اپنے صارفین کو بااختیار بنائے گا کہ وہ اپنی کمیونٹیز کو ان کے لیے اہم مسائل کی جانب توجہ دلا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنی آواز سنائیں گے، ایک ساتھ مل کر ہم مزید جانیں گے، زیادہ سے زیادہ کام کریں گے اور مزید بہتر بنیں گے، بول ہمارے ناظرین، ہمارے مشتہرین اور ہمارے ملازمین سمیت آئندہ مستقبل میں ہمارے ملازمین کو بھی اس مشن میں ہمارے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے۔

یاد رہے کہ ’بول نیٹ ورک‘ کے ٹی وی چینل کا آغاز 2015 میں کیا جانا تھا لیکن اس کی پیرنٹ کمپنی ’ایگزیکٹ‘ کے جعلی ڈگری اسکینڈل میں پھنسنے کے بعد یہ منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا۔

اگست 2015 میں ’اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک‘ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) سلمان اقبال نے بول میڈیا نیٹ ورک کی ملکیت حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قانونی کارروائی کی وجہ سے کئی ماہ کی تاخیر کے بعد بالآخر اکتوبر 2016 میں بول ٹی وی چینل آن ایئر ہو گیا تھا۔

بول نیٹ ورک کے اصل مالک شعیب شیخ کو 2018 میں جعلی ڈگری کیس میں 22 دیگر افراد سمیت سزا سنائی گئی تھی۔

Check Also

حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب، ٹی ایل پی کا دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *