Home / تازہ ترین خبر / پاکستان میں پہلی مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

پاکستان میں پہلی مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا، لاہور کے اکثر مقامات پر بارش ہوگئی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلی فلائٹ میں 48 فلیئرز فائر کیے گئے، پاکستان میں پہلی مصنوعی بارش کردی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا، مصنوعی بارش کے لیے دوسری فلائٹ تھوڑی دیر میں ہوگی، مصنوعی بارش کے لیے ہمارا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا لیکن اگر اس کے لیے ہمیں پیسے خرچ بھی کرنے پڑتے تو میں بالکل بھی نہیں ہچکچاتا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ نگران وفاقی حکومت منصوعی بارش کے تجربے پر کام کررہی تھی، لاہور کےتقریباً 10 علاقوں میں مصنوعی بارش ہوئی ہے، اب دیکھیں گے مصنوعی بارش کا کتنا اثر ہوتا ہے، ہم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم کے شکرگزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد یہ تھا کہ بارش ہوجائے تاکہ یہ اسموگ بیٹھ جائے کیونکہ اسموگ بیٹھتی ہے تو 5،7 دن تک اس کا اثر رہتا ہے، ہم آج رات تک اس کے مکمل نتائج دیکھنے کے بعد آگے کا فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے وضاحت دی کہ امریکا، یورپ اور دیگر ملکوں میں بھی یہی ٹیکنالوجی استعمال ہورہی ہے تو اگر اس کا کوئی نقصان ہوتا تو کسی بھی صورت وہ لوگ اسے استعمال نہیں کرتے، آج سے دو ماہ پہلے ہم بھی اور میڈیا بھی یہی کہتا تھا کہ اسموگ فصل کی باقیات کی وجہ سے ہو رہی ہے لیکن آج تو فصل کی باقیات صرف 2 سے 3 فیصد ہے مگر اسموگ اتنی ہی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسموگ کے بارے میں اسٹڈی کرنا بہت ضروری ہے، یہ پتہ کرنا انتہائی اہم ہے کہ اس میں ٹریفک کا کتنا کردار ہے، اس میں بھارت سے آنے والی ہوا کتنی شامل ہے، ہم نے اس کے لیے ریسرچ ٹیم بنا دی ہے تاکہ اس کے بارے میں صحیح پتہ کرسکیں، آنے والی حکومت کے پاس اگر اچھی تحقیق موجود ہوگی تو انہیں فیصلے کرنے میں آسانی ہوگی۔

Check Also

عمران خان کا موسم تبدیل ہورہا ہے، لگتا ہے ان کے دل میں ہمدردانہ گنجائش پیدا ہو رہی ہے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *