Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / شاہ رخ خان کیساتھ رومانوی سین شوٹ کروانا بہت مشکل ہے: تاپسی پنو

شاہ رخ خان کیساتھ رومانوی سین شوٹ کروانا بہت مشکل ہے: تاپسی پنو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تاپسی پنو نے فلم ’ڈنکی‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی۔

تاپسی پنو جوکہ آج کل اپنی نئی فلم ’ڈنکی‘ کی باکس آفس پر کامیابی پر بہت خوش ہیں، اُنہیں اس فلم میں پہلی بار بھارتی فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جب میں پہلی بار شاہ رخ خان سے ملی تھی تو سکتے میں آگئی تھی۔

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ جب میرا شاہ رخ خان سے سامنا ہوا تو میرے ذہن میں ان کی تمام فلموں کے فلیش کٹس آنے لگے، ان کا خوبصورت انداز میں  محبت کا اظہار اور اسکرین پر ان کے تخلیق کردہ سارے تاریخی مناظر، ان کی فلموں کے مشہور گانے، ان کے مشہور ڈائیلاگز سب کچھ ایک ریل کی طرح میرے ذہن میں چلنے لگا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ شاہ رخ خان حقیقت میں کوئی خوفناک شخصیت کے مالک ہیں بلکہ وہ سب کو بہت گرمجوشی سے خوش آمدید کہنے والے لوگوں میں سے ایک ہیں لیکن چونکہ جب انسان کا سامنا اچانک ایک ایسے آدمی سے ہوجائے جسے وہ برسوں سے بڑی اسکرین پر دیکھتا آیا ہو تو ظاہر ہے اسے دیکھ کر تھوڑی دیر کے لیے سکتے میں تو آجائے گا۔

تاپسی پنو نے بتایا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا کہ میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کر رہی ہوں اور اسی لیے شوٹنگ کے دوران مجھے بار بار اپنے آپ کو یقین دلانا پڑتا تھا کہ شاہ رخ خان میرے سامنے ہی بیٹھے ہیں اور میں ان کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کروا رہی ہوں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی لیے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کے رومانوی سین شوٹ کروانے میں بھی مجھے بہت مشکل ہوئی کیونکہ جیسے ہی وہ میری طرف دیکھ کر اپنے ڈائیلاگز بولنے لگتے تو میرے ذہن میں اچانک ان کی پرانی ہٹ فلموں کے رومانوی مناظر گھومنے لگ جاتے تھے تو شروع میں اپنے ذہن میں چلنے والے ان خیالات کو کنٹرول کرکے فلم کی شوٹنگ کروانے میں مجھے کافی مشکل ہوئی۔

واضح رہے کہ فلم ساز راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کی کہانی 5 دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو لندن جانے اور رہائش اختیار کرنے کے خواہاں ہیں۔

اس گروپ میں شاہ رخ خان کے ساتھ تاپسی پنو، وکی کوشل شامل ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں دیا مرزا، بومن ایرانی، دھرمیندر سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

Check Also

میری تیسری شادی کروانے میں بیٹے نے اہم کردار ادا کیا: عتیقہ اوڈھو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف، سینیئر اور تجربہ کار اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *