Home / جاگو پاکستان / پیپلز پارٹی کو وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی طریقہ کار پر تشویش

پیپلز پارٹی کو وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی طریقہ کار پر تشویش

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف کے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال سنبھالنے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور تین صوبوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں نے متاثرہ افراد کے لیے مقامی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی کی۔

پی پی پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری اور سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری منظور احمد نے پنجاب صحت حکام کی جانب سے قصور شہر کے مضافات میں بنائے گئے قرنطینہ مراکز کی ’ابتر صورتحال‘ پر روشنی ڈالی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا سے پی پی پی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے الزام لگایا کہ صوبائی حکومت نے قبائلی علاقوں کو نظر انداز کردیا ہے اور انہیں کوئی سہولت نہیں دی جارہی۔

ایک ویڈیو پیغام میں چوہدری منظور نے کہا کہ قصور قرنطینہ مرکز ناقص انتظامات کی وجہ سے تفتان کی طرح بیماری کی آماجگاہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 100 سے زائد کووِڈ 19 کے مشتبہ مریض آئیسولیشن میں رکھنے کے بجائے ایک ساتھ رکھے گئے ہیں، اور خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ایک شخص کا ٹیسٹ مثبت آیا تو وہ دیگر کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔

چوہدری منظور نے ایک ویڈیو کلپ بھی پوسٹ کیا جس میں لوگ بغیر کسی روک ٹوک کے ایک دوسرے سے مل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام مشتبہ افراد کو ایک ساتھ رکھ کر حکام قرنطینہ کے بنیادی تصور کے خلاف کام کررہے ہیں، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ پیر کی شام تک کسی ایک شخص کا بھی ٹیسٹ نہیں کیا گیا جبکہ وہاں تعینات، ڈاکٹروں، پولیس اہلکاروں اور طبی عملے کے پاس ذاتی تحفظ کی اشیا بھی نہیں۔

پی پی پی کے میڈیا سینٹر سے جاری کردہ ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ’نیازی حکومت‘ وائرس کو سنجیدگی سے نہیں کے رہی اور ’سیلیکٹڈ وزیراعظم اسے مذاق سمجھ رہے ہیں‘۔

سابق ڈپٹی اسپیکر نے دعویٰ کیا کہ قبائلی علاقہ جات میں کوئی قرنطینہ مرکز نہیں بنایا گیا، انہوں نے صوبائی حکومت اور وزرا کی جانب سے عوام کی مدد کے لیے ایک فیس بک پیچ بنانے کی بات کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ صوبے کے کن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔

دوسری جانب پی پی پی کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وزیراعظم عمران خان لاک ڈاؤن کے فوائد کو نہیں سمجھ سکے حالانکہ عوام کی زندگیاں بچانے کے لیے اور کوئی راستہ نہیں۔

ایک بیان میں نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ناقص پالیسی پر مصر ہیں کیوں کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اور ان کی ٹیم کورونا وائرس کی روک تھام کی پالیسی میں کامیاب رہی ہے اور وقت پر قوم کو اس وائرس سے بچا لیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کی حکومت ہوتے ہوئے وزیراعظم کے احکامات نہیں مانے اور لاک ڈاؤن نافذ کیا جس سے دونوں صوبوں کے عوا، عمران خان کے فیصلے سے محفوظ رہے۔

Check Also

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور

احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *