Home / جاگو دنیا / امریکا: ڈلاس ایئر شو میں 2 طیارے ٹکرا کر تباہ، ہلاکتوں کا خدشہ

امریکا: ڈلاس ایئر شو میں 2 طیارے ٹکرا کر تباہ، ہلاکتوں کا خدشہ

امریکی حکام نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز ڈلاس میں ایئر شو کے دوران جنگ عظیم دوئم کے دور کے 2 ہوائی جہاز آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک طیارہ دوسرے سے ٹکرا گیا جس کے بعد دونوں زمین پر جا گرے اور دھماکے سے پھٹ گئے جب کہ حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ تباہ ہونے والے جہازوں میں کتنے لوگ سوار تھے، ٹکرانے والے جہازوں میں سے ایک بوئنگ بی 17 فلائنگ فورٹس اور ایک چھوٹا بیل پی -63 کنگ کوبرا شامل ہیں۔

ڈلاس ایگزیکٹو ہوائی اڈے پر ونگز اوور ڈلاس ایئر شو کے دوران پیش دوپہر کے اوائل میں ہونے والے حادثے کے بعد سے تاحال یہ واضح نہیں ہوا کہ جہازوں میں سوار افراد میں کوئی شخص زندہ بچا ہے یا نہیں۔

ڈیلاس کے میئر ایرک جانسن نے ٹوئٹ کیا کہ اگرچہ ہلاکتوں کی تعداد کا فوری طور پر پتا نہیں چل سکا جب کہ زمین پر موجود کسی دیکھنے والے شخص یا دیگر افراد کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی متعدد ویڈیوز میں ڈرامائی انداز میں ایک دوسرے سے ٹکرانے کے مناظر دکھائے گئے۔

وڈیوز میں طیاروں کے تصادم کے بعد ہوائی جہاز زمین پر گرنے اور پھٹنے سے قبل کئی بڑے حصوں میں ٹوٹتے ہوئے بھی دکھائی دیے جب کہ جائے حادثہ پر دھوئیں کے باعث سیاہ بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

ایرک جانسن نے کہا کہ حادثے کے بعد ہوائی اڈے کے گراؤنڈز کے ساتھ ساتھ قریبی ہائی وے اور اسٹرپ مال پر بھی تباہ شدہ طیاروں کا ملبہ پھیل گیا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ اس کے حکام اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اس حادثے کی تحقیقات کریں گے۔

ایرک جانسن نے کہا کہ جیسا کہ بہت سے لوگوں نے دیکھا کہ آج ہمارے شہر میں ایک ایئر شو کے دوران خوفناک سانحہ ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ کہ حادثے سے متعلق بہت سی تفصیلات تاحال نامعلوم یا غیر مصدقہ ہیں۔

بی -17 4 انجنوں پر مشتمل بمبار طیارہ ہے جس نے جنگ عظیم دوئم میں جرمنی کے خلاف فضائی جنگ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، ورک ہارس کی ساکھ کا حامل طیارہ اب تک کے سب سے زیادہ تیار کیے جانے والے بمبار طیاروں میں سے ایک ہے۔

حادثے کا شکار دوسرا طیارہ پی -63 کنگ کوبرا تھا جو دوسری عالمی جنگ کے دوران بیل ایئر کرافٹ کی جانب سے تیار کیا گیا تھا جسے صرف سوویت فضائیہ نے لرائی کے لیے استعمال کیا تھا۔

بی -17کے آخری بڑا حادثہ 2 اکتوبر 2019 میں پیش آیا تھا جس میں ونڈسر لاکس کنیکٹی کٹ کے ایئرپورٹ پر ہونے والے حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Check Also

چینی خلائی راکٹ حادثاتی طور پر لانچ ہونے کے بعد تباہ

چین میں خلائی راکٹ حادثاتی طور پر ٹیسٹ کے دوران خود بخود لانچ ہونے کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *