Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں فواد خان بنے وسیم اکرم کے مینیجر!

فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں فواد خان بنے وسیم اکرم کے مینیجر!

فلم ’منی بیک گارنٹی‘سیاسی تڑکے کے ساتھ ڈکیتی کی حیران کن واردات پر مبنی مکمل تفریح ہے، جس میں اداکار فواد خان سابق کرکٹر وسیم اکرم کے مینیجر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

پروڈیوسر شایان خان نے پاکستانی فلمی انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہر 3 ماہ میں ایک بڑی فلم ریلیز کرنے کا پلان تیار کیا ہے۔

آج کل فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا ٹریلر اپنے منفرد موضوع اور اسٹار کاسٹ کی وجہ سے فلمی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

پروڈیوسر شایان خان نے فلم کے ٹریلر کو ملنے والے رسپانس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’منی بیک گارنٹی‘ روایتی فلموں سے ہٹ کر بالکل مختلف فلم ہے، جو ڈکیتی کی ایسی منفرد کہانی پر مبنی ہے، جس میں سیاسی تڑکے کے ساتھ ساتھ حیران کر دینے والے موڑ اورمناظر شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے بہتر فلموں کی مسلسل سپلائی کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سنیما مالکان کے ساتھ مل کر ہر تین ماہ بعد ایک بڑی کامیاب فلم کو ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس سے انڈسٹری کو صیحح معنوں میں فائدہ حاصل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی تاریخی کامیابی قابلِ ستائش ہے، لیکن انڈسٹری کو اصل فائدہ تب ہوگا، جب اس طرح کی کامیاب فلمیں باقاعدگی سے سنیماؤں کی زینت بنیں۔

شایان خان نےکہا کہ پاکستانی انڈسٹری کو پاکستانی ٹیلنٹ اور فلمیں ہی چلا سکتے ہیں، غیر ملکی فلموں سے عارضی فائدہ تو ہوسکتا ہے تاہم یہ کوئی دیرپا حل نہیں۔

فلم میں پروڈیوسر شایان خان نے خود بھی ایک مختصر، مگر دلچسپ کردار ادا کیا ہے۔

اُنہو ں نے بتایا کہ میں نے فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں اسلام آباد میں رہنے والے کشمیری لڑکے کا کردار نبھایا ہے، جس کی دیگر تفصیلات شائقین فلم میں دیکھ کر لطف اندوز ہوں گے اور فلم کے گانے بھی شاندار انداز میں فلمائے گئے ہیں۔

نامور ڈائریکٹر فیصل قریشی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس  فلم میں سپر اسٹار فواد خان، کرکٹر وسیم اکرم، ان کی اہلیہ شنیرا اکرم، میکال ذوالفقار، جاوید شیخ، حنا دلپذیر، سلمان، کرن ملک، جان ریمبو، عائشہ عمر اور گوہر رشید شامل ہیں۔

فلم ’منی بیک گارنٹی‘ ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے عید الفطر پر سنیماؤں کی زینت بنے گی۔

Check Also

شاہ رخ خان سے پہلے سلمان خان کو ’منت‘ کی آفر ہوئی تھی

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اپنے والد سلیم خان کی وجہ سے  شاہ رخ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *