Home / تازہ ترین خبر / صدرمملکت عارف علوی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی

صدرمملکت عارف علوی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری آئین پاکستان کے آرٹیکل 75 کے تحت دی ہے۔

اس سے قبل ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 پر صحافتی تنظیموں کے نمائندوں کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای اور ایمنڈ کے نمائندوں نے ملاقات کی اور اس دوران صدر مملکت نے میڈیا ورکرز اور صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

صدر مملکت نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ، پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سرکاری اشتہارات الیکٹرونک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے صحافیوں کے وفد کے ساتھ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترمیمی بل سے میڈیا کے قوانین میں بہتری آئی ہے۔

صدر مملکت نے وفد سے کہا کہ میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کے بارے میں آگاہ کرے کیونکہ نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات کے بارے میں تعلیم دینے کی ضرورت ہے، میڈیا بالخصوص سینئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں، سینئر صحافی صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیش رفت کے بارے میں طلبہ کو آگاہ کریں۔

صدر مملکت نے معاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات سمجھنی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال کے بارے میں بتائے۔

اس موقع پر صحافیوں کے وفد نے صدر مملکت کو نئے بل کی مختلف شقوں کے بارے میں بتایا کہ ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صحافیوں کے وفد نے صدر مملکت کی جانب سے پیمرا ترمیمی بل 2023 کی حمایت اور میڈیا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔

Check Also

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور

احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *