Home / جاگو دنیا / یو اے ای کا نیا ڈیجیٹل رسپانس پلیٹ فارم شروع کرنے کا اعلان

یو اے ای کا نیا ڈیجیٹل رسپانس پلیٹ فارم شروع کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کی مدد کے لیے نئے ڈیجیٹل رسپانس پلیٹ فارم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اہم بات یہ ہے کہ اس پلیٹ فارم سے متاثرہ ممالک تیز اور زیادہ موثر سپورٹ حاصل کرسکیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں متعین امارات کی مستقل مندوب لانا زکی نسیبہ نے عالمی امن و سلامتی کی بحالی سے متعلق سلامتی کونسل کے مباحثے کے دوران اس بات کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ البانیہ نے ستمبر میں سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی ہے۔ سلامتی کونسل میں ہونے والے مباحثے کی صدارت البانیا کی وزیر برائے یورپی ممالک کر رہی ہیں۔

امارات کی مستقل مندوب کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ڈیجیٹل رسپانس پلیٹ فارم قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کو یہ بتانے کے قابل بنائے گا کہ کن علاقوں میں کس نوعیت کی امداد درکار ہے تاکہ پروگرام میں شریک ممالک امداد کی تیزی سے فراہمی کو یقینی بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم جدید ترین ٹیکنالوجی بشمول مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور جغرافیائی ٹولز کا استعمال ممکن بنائے گا تاکہ ڈیٹا میں کسی قسم کی کوئی مشکل نہ ہو اور محفوظ طریقے سے تمام معلومات تک رسائی ممکن ہوسکے۔

لانا زکی نسیبہ کا کہنا تھا کہ موجودہ بحرانوں کے ساتھ چلنے کے سلسلے میں پرانا بنیادی ڈھانچہ غیر موثر ہو گیا ہے،ان دنوں ہم انسانی امدادی عمل کے نظام میں بحران سے دوچار ہیں۔

واضح رہے کہ دبئی میں قائم انٹرنیشنل ہیومینٹرین سٹی دنیا کا سب سے بڑا انسانی لاجسٹکس کا مرکز ہے جہاں 62 فلاحی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کے تحت ایجنسیاں شامل ہیں، جبکہ یو اے ای دنیا بھر میں انسانی امدادی عمل میں حصہ لینے والے بڑے ملکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

Check Also

برطانوی انتخابات: پاکستانی نژاد روزینہ ایلن خان پھر کامیاب

برطانوی عام انتخابات میں پاکستانی نژاد روزینہ ایلن خان لندن کے علاقے ٹوٹنگ سے ایک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *