Home / جاگو کھیل / رمیز راجہ کو متعصبانہ تبصرے پر ہنسنا مہنگا پڑ گیا

رمیز راجہ کو متعصبانہ تبصرے پر ہنسنا مہنگا پڑ گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کو متعصبانہ چٹکلے پر ہنسنا مہنگا پڑ گیا۔

رمیز راجہ نے کچھ عرصہ قبل ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں شو میں موجود ایک کامیڈین کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری سابق کرکٹر ویوین رچرڈز کا سیاہ فام ہونے پر مذاق اڑایا گیا۔

شو کے دوران کامیڈین نے ویوین رچرڈز کے بھارتی اداکارہ نینا گپتا کے رشتے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں کرکٹ میچ دیکھتی ہوں اور میرا دل اس وقت ٹوٹ گیا تھا جب ویوین رچرڈز نے نینا گپتا کے ساتھ ڈیٹنگ شروع کی، میں نے اس جوڑی پر ایک شعر بھی لکھا تھا کہ ’جو لڑکیاں خود کو کہتی ہیں ملکۂ عالیہ ان کو پھر ملتا ہے مسٹر کالیا‘۔

رمیز راجہ جو اس شو میں بطور مہمان موجود تھے وہ کامیڈین کے اس تبصرے پر زور سے ہنسنے لگے۔

ویوین رچرڈز اور نینا گپتا کی بیٹی، فیشن ڈیزائنر مصابہ گپتا کو رمیز راجہ کا متعصبانہ تبصرے پر اس طرح ہنسنا ایک آنکھ نہیں بھایا۔

 مصابہ گپتا نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر رمیز راجہ پر سخت الفاظ میں تنقید کی۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں رمیز راجہ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ حساسیت ایک خوبی ہے جو چند لوگوں میں ہوتی ہے، میرے والد، والدہ اور میرے پاس یہ خوبی ہے لیکن آپ کے پاس نہیں ہے، پاکستان کے ٹی وی چینل پر آپ کو ایسی بات پر  ہنستے ہوئے دیکھ کر دکھ ہوا جس پر دنیا نے تقریباً 30 سال پہلے ہنسنا چھوڑ دیا تھا، ہم  تینوں یہاں بہت فخر کے ساتھ موجود ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ نینا گپتا کے 1980ء کی دہائی کے آخر میں ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ویوین رچرڈز کے ساتھ قریبی تعلقات تھے، اگرچہ ان دونوں نے کبھی شادی نہیں کی لیکن ان کی ایک بیٹی ہے جس کا نام مصابہ گپتا ہے جو 1989ء میں پیدا ہوئی تھیں۔

 مصابہ گپتا اب ایک کامیاب فیشن ڈیزائنر ہیں اور ان کا ملبوسات اور کاسمیٹکس کا اپنا برانڈ ہے۔

Check Also

اذلان شاہ ہاکی: فائنل آج پاکستان اور جاپان کے درمیان ہوگا

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل آج شام ساڑھے پانچ بجے پاکستان اور جاپان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *