Home / تازہ ترین خبر / وزیراعلیٰ سندھ کی نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، گوادر سمیت مختلف امور پر گفتگو

وزیراعلیٰ سندھ کی نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، گوادر سمیت مختلف امور پر گفتگو

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں گوادر میں دونوں رہنماؤں نے فلاحی اقدامات کے حوالے سے گفتگو کی۔

نومنتخب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے گوادر میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دوران ملاقات سید مراد علی شاہ نے سرفراز بگٹی کو بلوچستان کا بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد دی جبکہ سرفراز بگٹی نے بھی لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ بننے پر مراد علی شاہ کو مبارکباد دی۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گوادر میں سات نکاسی آب کی مشینیں بھیجی ہیں، دونوں صوبوں کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور اگر کسی دیگر مشینری کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی گوادر کو ارسال کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں پانی کی نکاسی اور بحالی کے دیگر اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دونوں وزرائے اعلیٰ نے 9 مارچ کو صدارتی انتخابات سے متعلق بات چیت کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

سرفراز بگٹی نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے دوبارہ ملک کے صدر منتخب ہوجائیں گے۔

دونوں وزرائے اعلیٰ نے دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی اور اسمگلنگ و ڈرگ مافیا کے خلاف بھی مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے اعلیٰ کے درمیان میں بلوچستان اسمبلی کے تین اراکین اسمبلی علی مدد جتک، ظہور بلیدی اور عبداللہ گرگیج بھی موجود تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ سید ناصر شاہ، شرجیل میمن، مکیش چاولہ اور ضیاالحسن لنجار ملاقات میں موجود تھے۔

سرفراز بگٹی کی مزار قائد پر حاضری

نو منتخب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کراچی آمد پر مزار قائد پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر نیوی کے خصوصی دستے نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سلامی بھی پیش کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے خیالات بھی قلمبند کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میری سب سے پہلی کوشش یہ ہے کہ گوادر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹا جائے۔

سرفرازبگٹی نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو چیلنج قرار دیتے ہوئے پہاڑوں پر جانے والوں کو واپسی کی دعوت دی اور عام معافی کا وعدہ بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی بلوچستان کے مسائل پر سنجیدہ ہیں اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد دھاندلی کے لگائے گئے الزامات کی مذمت کرتا ہوں۔

Check Also

2014 کے دھرنے کی انکوائری کیلئے تیار ہوں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی، سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 2014 …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *