Home / تازہ ترین خبر / انتخابات میں دھاندلی کا اعتراف، سابق کمشنر راولپنڈی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

انتخابات میں دھاندلی کا اعتراف، سابق کمشنر راولپنڈی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے پولیس کو سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

راولپنڈی کی مقامی عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے لیاقت علی چٹھہ کے مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق اعترافی بیان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سابق کمشنر راولپنڈی انتخابات دھاندلی والی گفتگو کے بعد سے اب تک مسلسل روپوش ہیں اور سابق کمشنر راولپنڈی اور اپنے آبائی گاؤں حافظ آباد والے گھر بھی دستیاب نہیں ہیں۔

عدالت نے سابق کمشنر راولپنڈی کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس کو آئندہ تاریخ پر لیاقت علی چٹھہ کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے معاملے کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی۔

وکلا نے سابق کمشنر راولپنڈی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

کمشنر راولپنڈی کا اعتراف

واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے تقریباً 10 دن بعد کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ مُجھے نگران حکومت نے الیکشن کروانے کے لیے لگوایا گیا تھا، الیکشن ٹھیک نہیں کروا سکا لہٰذا میں استعفیٰ دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تھا کہ میں ڈیوٹی ٹھیک سے نہیں کر سکا، قومی اسمبلی کے 13 کے حلقوں کے نتائج تبدیل کیے گئے اور ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی سے 13 لوگوں کو جتوایا گیا، 70، 70 ہزار لیڈ والوں کو ہروایا گیا، میرے ماتحت یہ کام نہیں کرنا چاہ رہے تھے، میرے سامنے پریزائیڈنگ افسران رو رہے تھے۔

کمشنر راولپنڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس بھی انتخابی دھاندلی میں ملوث ہیں، انہیں بھی عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے الزامات کی تردید کردی تھی اور الزامات کی چھان بین کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا تھا۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے مبینہ دھاندلی کے حوالے سے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے اور اس پر عدالتی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔

بعدازاں 22 فروری کو سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے اپنے الزامات پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگ لی تھی۔

اپنے تحریری بیان میں سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے غلط الزامات لگانے پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے ایک سیاسی جماعت کے بہکانے پر اپنا بیان دیا، میرا بیان صریحاً غیر ذمہ دارانہ عمل اور غلط بیانی تھی، مجھے اپنے بیان پر بہت شرمندگی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پریس کانفرنس کا دن سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق ایک سیاسی جماعت کے احتجاجی پروگرام کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے17 فروری کو رکھا گیا، چیف جسٹس کا نام جان بوجھ کر شامل کیا گیا اور مقصد ان کے متعلق عوام میں نفرت بھڑکانا تھا۔

Check Also

وزیر اعلیٰ مریم نواز کا لاہور شہر کی مالیت کا 17 گاڑیوں کا تحفہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور شہر میں صحت اور صفائی کی صورتحال بہتر بنانے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *