Home / جاگو کھیل / پاک سری لنکن ٹیموں کی کراچی آمد:کون کون سی سڑکیں بند ہونگی؟

پاک سری لنکن ٹیموں کی کراچی آمد:کون کون سی سڑکیں بند ہونگی؟

پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیمیں کراچی کا رخ کریں گی۔ سیکیورٹی کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں پیر 16 دسمبر کو کراچی آمد پر آرام کریں گی اور منگل سے ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 19 دسمبر سے 23 دستمبر تک کراچی میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے کچھ کھلاڑی مقامی ہوٹل میں اوپن میڈیا سیشن کے لیے دستیاب ہوں گے، جب کہ کھلاڑی ٹریننگ سیشن کا آغاز منگل سے کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدھ کو اور چیئرمین احسان مانی 24 دسمبر کو کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے۔ ٹیموں کی کراچی آمد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ میچ اور ٹریننگ سیشن کے دوران نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑکیں اور اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں بند رہیں گی۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے میچ کے لیے خصوصی پلان ترتیب دے کر متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ شائقین کرکٹ کے لیے ایکسپو سینٹر، اتوار بازار، رانا لیاقت گرلز کالج گراؤنڈ میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، میچ دیکھنے کے لیےاسٹیڈیم آنے والے شائقین کو اپنے ساتھ اصلی قومی شناختی کارڈ لانا ہوگا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ پر اسٹیڈیم فلائی اوور سے سرشاہ سلیمان روڈ جانب حسن اسکوائر ٹریفک کے لیے بند رہے گا، حسن اسکوائر فلائی اوور سے اسٹیڈیم روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔

حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ سے آنے والے شہری نیشنل اسٹیڈیم انٹرسیکشن سے بائیں جانب آغا خان اسپتال، نیو ٹاؤن اور دائیں جانب ڈالمیا سے ملینیئم کا راستہ اختیار کرسکیں گے جبکہ ملینیئم سے ہوتے ہوئے حسن اسکوائر جانے والے شہری نیو ٹاؤن کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔

نیوٹاؤن سے آغا خان اسپتال سے ہوتے ہوئے حسن اسکوائرجانے والے شہری ملینیئم کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ، کارساز سے اسٹیڈیم ، ملینیئم سے نیوٹاؤن ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

Check Also

نیدرلینڈز اور ترکیے نے یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

نیدرلینڈز اور ترکیے نے یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، نیدرلینڈز نے رومانیہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *