Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / گلوکار فدا حسین کو سپرد خاک کردیا گیا

گلوکار فدا حسین کو سپرد خاک کردیا گیا

روایتی موسیقار، غزل گائیک اور پنجابی گانوں کے گلوکار استاد فدا حسین کو انتہائی کم لوگوں کی موجودگی میں 2 مئی کو آبائی شہر لاہور کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

استاد فدا حسین یکم مئی کو ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے، انہیں متعدد طبی شکایات کے بعد ہسپتال منتقل کرایا گیا تھا۔

زندگی کے آخری ایام میں انہیں دل کے عارضے سمیت دیگر بیماریاں لاحق ہوگئی تھیں اور وہ چند ہفتوں سے انتہائی علیل تھے۔

استاد فدا حسین کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر دوران علاج ہی وہ یکم مئی کو انتقال کر گئے اور 2 مئی کو انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔

استاد فدا حسین کی نماز جنازہ الرحمٰن گارڈن فیز 2 میں ادا کی گئی، جس میں ان کے قریبی رشتہ داروں اور انتہائی خاص دوستوں نے شرکت کی۔

استاد فدا حسین معروف غزل گائیک استاد غلام علی کے شاگرد تھے اور انہوں نے کم عمری میں ہی ریڈیو پاکستان سے گلوکاری کا آغاز کیا۔

استاد فدا حسین نے ریڈیو پاکستان لاہور سمیت پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) لاہور کے لیے بھی گلوکاری کی اور مجموعی طور پر انہوں نے موسیقی کو 50 سال دیے۔

68 سال کی زندگی میں سے 50 سال موسیقی کو دینے والے استاد فدا حسین زندگی کے آخری سالوں میں حکومت کی جانب سے خدمات کا اعتراف نہ کیے جانے پر مایوس تھے اور انہوں نے ایک انٹرویو میں اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔

استاد فدا حسین نے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ حکومت سے کوئی مراعات یا مالی مدد نہیں چاہتے بس وہ چاہتے ہیں کہ حکومت موسیقی کے شعبے مین ان کی خدمات کا اعتراف کرے۔

استاد فدا حسین نے کئی روایتی پنجابی گانے منفرد انداز میں گاکر لوگوں کے دل جیتے، انہیں غزل گائیکی پر بھی عبور حاصل تھا۔

استاد فدا حسین کی موت پر موسیقی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت شوبز شخصیات اور کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو بھی سراہا۔

Check Also

لڑکی کو محبت نہیں سیکیورٹی اور لگژری چاہیے ہوتی ہے: آغا علی

پاکستانی معروف اداکار، میزبان، ماڈل و گلوکار آغاز نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *